بھارتی حکومت نے 3733پاکستانی ہندوؤں کو طویل المدتی ویزا دیدیا

ہفتہ 27 جون 2015 12:50

بھارتی حکومت نے 3733پاکستانی ہندوؤں کو طویل المدتی ویزا دیدیا

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء)بھارت نے 158پاکستانی ہندو کو شہریت دے دی ہے، جبکہ3733 پاکستانیوں کو طویل المدتی بھارتی ویزا بھی دے دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے گزشتہ سال ستمبر میں خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیاجس کے بعد سے پاکستانی ہندو شہریوں میں 158کو بھارتی شہریت اور 3733کو طویل المدتی ویزا (LTV) دیا ہے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ٹاسک فورس نے ملک کے 26اضلاع کے 26کیمپوں میں رواں برس مئی تک1681 شہریت اور1665 طویل المدتی ویزا درخواستوں کی منظوری دی ہے، جس میں سے158 پاکستانی شہریوں کو بھارتی شہریت دی گئی اور اسی مدت تک3733 پاکستانی شہریوں کو طویل مدتی ویزا دیا گیا ہے۔ طویل مدت کے لئے ویزا دینے کے لئے حکومت کے سامنے ہزاروں زیر التوا درخواستیں ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ برس ستمبر میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے شہریت اور LTV درخواستوں کی پروسیسنگ کی نگرانی اور تیز کرنے کے لئے جوائنٹ سکریٹری (غیر ملکیوں) کے تحت ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دی تھی۔ جودھپور، جیسلمیر، بیکانیر اور جے پور جیسے شہروں میں تقریباً 400پاکستانی ہندو پناہ گزین بستیوں میں ہیں۔ بھارت میں پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے 1لاکھ ہندو پناہ گزین موجود ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے اعداد و شمار کے مطابق 2013تک 3753پاکستانیوں کو طویل مدتی ویزا دیا گیا اور 2011سے 2014کے درمیان 1854پاکستانیوں اور ہندووں کو شہریت دی گئی تھی۔