کاشتکار بارشوں کے دوران کپاس کی فصل پر کڑی نظر رکھیں ، محکمہ زراعت پنجاب

ہفتہ 27 جون 2015 14:00

لاہور ۔27 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء) کاشتکاروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آئندہ بارشوں کے دوران کپاس کی فصل پر کڑی نظر رکھیں۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق زیادہ بارشوں کی وجہ سے کپاس کے پودوں کی غیر ثمرداربڑھوتری میں غیر معمولی تیزی آجاتی ہے جس سے بجائے پھل لینے کے پودا بڑھوتری کی طرف مائل ہو جاتاہے اس طرح پیداوار میں کمی کے ساتھ فصل کے تیار ہونے میں تاخیر ہوسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر کپاس کے کھیتوں اور فضا میں نمی زیادہ ہو تو فصل کا قد تیزی سے بڑھنا شروع ہو جاتاہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق اگر 60دن کی فصل کے اوپروالے حصے کی لمبائی یا چوٹی سے سفید پھول کا فاصلہ 6انچ سے زیادہ ہوتو فصل کا قد ضرورت سے زیادہ بڑھ رہا ہے ۔ ماہرین کے مطابق ایسی صورت حال میں کاشتکار فصل کی بڑھوتری کومناسب رکھنے والا مرکب مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے استعمال کریں اور ہفتہ کے وقفوں سے یہ عمل مزید دو مرتبہ دہرائیں اس سے فصل دوبارہ پھل پھول کی طرف راغب ہوگی اور پیداوار میں اضافہ کا سبب بنے گی۔