شدید گرمی کے باعث کپاس کاپھل اور پھول جھڑنے لگے

جمعرات 2 جولائی 2015 14:08

فیصل آباد ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پنجاب میں کپاس کی کاشت کے اکثر علاقوں میں بالعموم جبکہ جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بالخصوص شدید گرمی کے باعث کپاس کاپھل اور پھول جھڑنے لگے ہیں جس سے کپاس کی فصل متاثرہونے کا شدید خدشہ ہے ۔ پاکستان کسان ویلفیئرکونسل کے چیئر مین چوہدری عبداللطیف سہو نے بتایاکہ شدید ترین گرمی اور سخت لو نے کپاس کے کاشتہ اکثر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے جس کی وجہ سے کاشتہ فصلات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ نہری پانی کی شدید قلت اور بجلی کے بد ترین بحران سے فصلات بروقت سیراب نہ ہوپا رہی ہیں جس نے کاشتکاروں کو سخت اضطراب میں مبتلا کر دیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ شدید گرمی اور نہری پانی کی قلت سمیت ٹیوب ویلوں کی بندش سے کپاس کے علاوہ دیگر فصلات ، سبزیات اور چارہ بھی متاثر ہورہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ فصلوں کو تیز لو اور سخت درجہ حرارت کی شدت سے بچانے کیلئے کم وقفہ سے فصلات کو سیراب کریں او ر پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل بھی جاری رکھاجائے تاکہ کپاس کی فصل کو پیسٹ کے دباؤ سے بروقت نکالا جاسکے۔ انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیاکہ زرعی ٹیوب ویلوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :