جوار کی منظورشدہ اقسام کاشت کرنے کی ہدایت

ہفتہ 4 جولائی 2015 12:46

فیصل آباد۔4جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء)کاشتکاروں کو جوار کی بیج والی فصل کی کاشت فوری طور پر شروع کرکے 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار بیج والی فصل کی کاشت میں تاخیر نہ کریں تاہم چارے والی فصل کو وسط اگست تک کاشت کیاجاسکتاہے۔ ایک ملاقات کے دوران ماہرین زراعت نے بتایاکہ جوار کی قسم جے ایس 2002 منظور شدہ اور سبزچارے کی 700من فی ایکڑ تک پیداوار دیتی ہے جسے جانور انتہائی رغبت سے کھاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ہیگاری قسم 550 من فی ایکڑ تک پیداوار دیتی ہے جسے چارے کے علاوہ بیج کی پیداوار کے طور پر بھی رکھاجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ جے ایس 263 کو چارے اور دانے دونوں مقاصد کیلئے استعمال کیاجاسکتاہے تاہم اس کی پیداوار 500من فی ایکڑ تک ہے۔ اسی طرح چکوال جوار بارانی علاقوں کیلئے موزوں ترین ہے ۔انہوں نے بتایاکہ جوار 2011 ایک قد آور اور میٹھی قسم ہے جس کے سبز چارے کی پیداوار 720من فی ایکڑ ہے۔ انہوں نے بتایاکہ یہ قسم بیماریوں کے خلاف بھرپور قوت مدافعت رکھتی ہے اور جانور بھی اسے بہت شوق سے کھاتے ہیں۔