کوہاٹ، پولیس نے منشیات سمگل کرنے کی ایک اور کوشش ناکام بنادی، گاڑی کے گیس سلنڈر سے منوں چرس برآمد

ہفتہ 4 جولائی 2015 22:50

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) کوہاٹ پولیس نے منشیات سمگل کرنے کی ایک اور کوشش ناکام بنا کر گاڑی کی گیس سلنڈر ٹینکیوں سے منوں چرس برآمد کر لی ہے۔ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشر ف نے پولیس کی منشیات سمگلروں کے خلاف مسلسل کامیاب کاروائیوں کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تھانہ استرزئی کی حدود مرئی میں کوہاٹ اورکزئی روڈ پر قائم پولیس چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران مقامی پولیس سٹیشن کے ایس ایچ اومحمدبشیر اپنی ٹیم کے ہمراہ گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھے کہ اس دوران علاقہ غیر اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ آنے والی ایک مشکوک فلائنگ کوچ نمبر LWC.5605کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا ۔

پولیس نے گاڑی کی تفصیلی تلاشی لیتے ہوئے بظاہرایندھن مادے کو محفوظ بنانے کے طور پر گاڑی میں استعمال ہونیوالی گیس سلنڈر کی تین ٹینکیوں سے مجموعی طور پر 135کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

تلاشی پر مامور پولیس اہلکاروں نے فلائنگ کوچ گاڑی کے ڈرائیور خیبر ایجنسی کے علاقہ باڑا کے قبائلی باشندے لعل جان ولد شاہی خان کو حراست میں لے لیا اور انہیں پکڑی گئی منشیات اور سمگلنگ میں استعمال ہونیوالی گاڑی سمیت تھانہ استرزئی منتقل کر دیاجہاں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے منشیات کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے روانہ کر دئیے گئے ہیں۔

ضلعی پولیس سربراہ کے مطابق گزشتہ روز بھی پولیس نے اسی چیک پوسٹ پراورکزئی ایجنسی سے آنیوالی فلائنگ کوچ گاڑی کے خفیہ خانوں سے 72کلو گرام چرس برآمد کر لی تھی جبکہ پولیس کی منشیات سمگلروں کے منصوبے کو بے نقاب کرنے کی 24گھنٹوں کے دوران یہ دوسری بڑی کامیابی ہے ۔

متعلقہ عنوان :