کپاس کی فصل پرسفید مکھی کا حملہ کاٹن لیف کرل وائر س کا سبب اور ناقابل تالافی نقصان کا سبب بن سکتا ہے،ترجمان محکمہ زراعت

پیر 6 جولائی 2015 14:46

فیصل آباد ۔6 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاہے کہکپاس کی فصل پرسفید مکھی کا حملہ شدت اختیارکر کے کاٹن لیف کرل وائر س کا سبب اور کاشتکاروں کیلئے ناقابل تالافی نقصان کا موجب بن سکتا ہے لہٰذا کاشتکار محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت سے تدارکی اقدامات یقینی بنائیں۔محکمہ زراعت فیصل آبادنے ضلع کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرزکو سختی سے ہدائت کی کہ وہ اور دیگر فیلڈ عملہ کپاس کی فصل کو ممکنہ کاٹن لیف کرل وائرس کے حملہ سے بچانے اور سفید مکھی کے تدارک کو یقینی بنانے کیلئے کاشتکاروں کی بر وقت رہنمائی کریں ۔

انہوں نے کہاکہ صحیح اور سفارش کردہ زہروں کے انتخاب ، بروقت سپرے اور جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بعض خصوصاًکپاس کے تاخیر سے کاشتہ علاقوں میں سفید مکھی کا حملہ شدت اختیارکر کے کاٹن لیف کرل وائرس کا سبب بن سکتا ہے اسطرح کاشتکاروں کو ناقابل تالافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہٰذا کاشتکار بھی سفید مکھی کی تلفی اور اپنی فصل کو وائرس جیسی موذی مرض سے بچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ وہ بہت بڑے نقصان سے بچ سکیں۔

انہوں نے کاشتکاروں کیلئے سفارشات دیتے ہوئے کہا کہ کپاس کی فصل اس وقت بھرپور پھول ڈوڈی دے رہی ہے لہٰذا اسے خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جن کھیتوں میں نائٹروجنی کھادوں کی کمی ہو وہاں بوران اور زنک کا استعمال بذریعہ سپرے کریں۔انہوں نے کہاکہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے مناسب زہروں کا سپرے صبح یا شام کے وقت کیا اور ایک ہی گروپ کی زہروں کے بار بار سپرے سے گریز کیاجائے۔