روز ہ تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ ہے ، روزے کے ذریعے اپنے اﷲ کی خوشنودی اور رب کی رضا حاصل کرنا ضروری ہے، فیصل ندیم

پیر 6 جولائی 2015 23:07

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء)جماعت الدعوۃ صوبہ سندھ کے مسؤل فیصل ندیم نے کہاہے کہ روز ہ تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ ہے ، روزے کے ذریعے اپنے اﷲ کی خوشنودی اور رب کی رضا حاصل کرنا ضروری ہے۔ روزے دار کو دنیا میں اور آخر میں بھی اجر عظیم سے نوازا جائیگا۔ روزہ گناہوں کی ڈھال ہے اور گناہوں کے بوجھ سے نجات کا اہم ذریعہ ہے۔

حیدرآباد کے مقامی ہال میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ندیم نے کہاکہ جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام سندھ بھر میں رمضان المبارک کے حوالے سے دعوتی ، تبلیغی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے ، اب تک سندھ بھر میں جماعۃ الدعوۃ نے ایک ہزار سے زائد افطار پروگرام ، دروس قرآن اور دیگر تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جاچکا ہے اور یہ سلسلہ اختتام رمضان تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام مساجد مراکز میں اعتکاف کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں ، سندھ کا بڑا عتکاف مرکز تقویٰ کراچی اور مرکز سعد بن معاذ تلسی داس روڈ حیدرآباد میں ہوگا، جس میں سندھ بھر میں دیگر مراکز میں بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگ اعتکاف کریں گے، اعتکاف کرنے والے تمام احباب کو مراکز میں سحر وافطار کے تمام انتظامات مراکز میں کئے جارہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ غزہ بدر کی فتح بھی اسی رمضان المبارک میں ہوئی ، حق وباطل کا یہ بڑا معرکہ 17رمضان کو ہوا جس میں جانثاران اسلام نے بڑی قربانی دے کر باطل قوتوں کو شکست سے دوچار کیا ، انہوں نے کہاکہ جماعۃ الدعوۃ کی جانب سے سحر وافطار کے حوالے سے ملک بھر میں دسترخوان سجائے ہوئے ہیں جس میں ہر روز ہزاروں لوگ روزہ افطار کرتے ہیں اور سحری کا بھی انتظامات کیا گیا ہے۔