امریکی مسلمانوں نے سیاہ فام امریکیوں کے جلائے گئے گرجا گھروں کی دوبارہ تعمیر کا ذمہ اٹھالیا

جمعرات 9 جولائی 2015 13:54

امریکی مسلمانوں نے سیاہ فام امریکیوں کے جلائے گئے گرجا گھروں کی دوبارہ ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جولائی۔2015ء) امریکا میں مسلمانوں نے سیاہ فام امریکیوں کے جلائے گئے چرچوں کی بحالی کا ذمہ اٹھالیا۔ جون سے اب تک 8 چرچ آگ سے متاثر ہوچکے ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق ، افریقی نڑاد امریکیوں کے ساتھ اس نسلی تعصب کے خلاف امریکی مسلمان میدان میں آگئے اور انتہا پسند امریکیوں کی طرف سے جلائے جانے والے گرجا گھروں کی دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے شروع کی گئی چندہ مہم میں اب تک ت23 ہزار ڈالر اکھٹے کرلیے گئے ہیں۔ اٹھارہ جولائی تک جمع ہونے والی رقم پادریوں کے حوالے کر دی جائے گی۔17جون کو امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ایک نوجوان نے سیاہ فام امریکیوں کے چرچ میں گھس کر فائرنگ کی جس سے 9 افراد جان سے گئے۔

(جاری ہے)

اس واقعے کے بعد سے اب تک مخصوص سیاہ فام امریکیوں کے 8 چرچ نذر آتش ہوچکے ہیں ،تسلسل کے ساتھ آگ کے واقعات کو نسلی تعصب کا نتیجہ قرار دیا جارہاہے ، ان حالات میں بعض مسلمان تنظیمیں یکجا ہوکر افریقن امریکیوں سے نفرت کے خلاف میدان میں نکل آئیں ، اور سیاہ فام امریکیوں کے ساتھ میں ہاتھ ڈالتے ہوئے جلائے گئے چرچز کی دوبارہ تعمیر کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

اس مقصد کیلیے ان تنظیموں نے چندہ اکٹھا کرنے کی مہم شروع کی اور صرف پانچ روز میں 23 ہزار ڈالر سے زائد اکٹھے کیے۔ اٹھارہ جولائی تک جو بھی رقم جمع ہوگی وہ چر چ کے پادریوں کے حوالے کردی جائے گی تاکہ عبادت گاہوں کی دوبارہ تعمیر کی جاسکے۔