ریلوے کا قبل از وقت عید آپریشن کا فیصلہ پذیرائی حاصل نہ کر سکا ،لاہور سے کراچی جانیوالی ٹرین صرف 7مسافروں کو لیکر روانہ

ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی کراچی میں رہتی ہے ،لاہور سے ٹرینیں جائینگی تو کراچی سے مسافروں کو لیکر آئینگی ‘ ترجمان

اتوار 12 جولائی 2015 16:55

ریلوے کا قبل از وقت عید آپریشن کا فیصلہ پذیرائی حاصل نہ کر سکا ،لاہور ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جولائی۔2015ء) پاکستان ریلوے کا مسافروں کی سہولت کیلئے قبل از وقت عید آپریشن کا فیصلہ پذیرائی حاصل نہ کر سکا ، لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین صرف سات مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی جبکہ ریلوے ترجمان نے کہا ہے کہ لاہور سے ٹرینیں جائیں گی تو کراچی سے مسافروں کو لے کر واپس آئیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے کی طرف سے امسال عید الفطر پر مسافروں کی سہولت کیلئے سات روز قبل ہی عید آپریشن شروع کیا گیا تاہم کاروبار اور ملازمتیں کرنے والے اپنے آبائی علاقوں کو واپس روانہ نہیں ہوئے جسکی وجہ سے ریلوے کے قبل از وقت عید آپریشن کو پذیرائی نہیں مل سکی ۔

گزشتہ روز لاہور سے 15بوگیوں کے ساتھ کراچی کے لئے روانہ ہونے والی ٹرین میں صرف 7مسافر سوار تھے جس کی وجہ سے ٹرین کے ڈیزل سمیت دیگر اخراجات بھی پورے نہیں ہو سکے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ریلوے کے ترجمان سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے اپنے موقف میں کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد ملازمتوں اور کاروبار کے سلسلہ میں کراچی میں مقیم ہے اس لئے یہاں سے مسافروں کی کم تعداد روانہ ہو رہی ہے۔ ایک روز قبل کراچی سے آنے والی عید سپیشل ٹرین میں 200مسافر تھے لیکن اس ٹرین کے ذریعے مختلف شہروں کے 700مسافروں نے استفادہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ لاہور سے ٹرینیں جائیں گی تو وہ کراچی سے مسافروں کو لے کر واپس آئیں گی ۔

متعلقہ عنوان :