آم کے باغبانوں کو فروٹ فلائی کی بالغ مکھیاں مارنے کیلئے پودوں کے ارد گرد زہروں کے طعمے بنا کر ڈبے لٹکانے کی ہدایت

جمعہ 24 جولائی 2015 15:31

فیصل آباد ۔24 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء)آم کے باغبانوں کو فروٹ فلائی کی بالغ مکھیاں پھنسا کر مارنے کیلئے پودوں کے ارد گرد زہروں کے طعمے بنا کر ڈبے لٹکانے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ باغبان فوری طور پر فروٹ فلائی کے تدارک کیلئے اقدامات کریں تاکہ یہ مکھیاں آم کے پھل کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔

(جاری ہے)

جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے بتایاکہ پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے آم کے باغات کی صفائی کا مکمل خیال رکھاجائے اور باغات کی پیسٹ سکاؤٹنگ بھی کی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ باغبان خصوصی طورپر پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے میتھائل یوجینال زہر کا سپرے بھی کریں۔ انہوں نے کہاکہ آم کے باغات کو 12 سے14دن کے وقفہ سے آبپاشی کاسلسلہ بھی جاری رکھناچاہیے تاکہ پودوں کو کسی بھی قسم کے کیڑے مکوڑوں یا بیماریوں کے حملہ کے نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ باغبان گلے سڑے اور گرے ہوئے آم کے پھل کو بھی فوری جمع کرکے زمین میں دبا دیں تاکہ وہ مزید بیماری کے پھیلاؤ کا موجب نہ بن سکیں۔