ترشاوہ پھلوں کے باغات میں 10سے15دن کے وقفہ سے آبپاشی کاسلسلہ جاری رکھنے اور بورڈ و مکسچر کے سپرے کی ہدایت

جمعہ 24 جولائی 2015 15:32

فیصل آباد ۔24 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء)ترشاوہ پھلوں کے باغات میں باغبانوں کو 10سے15دن کے وقفہ سے آبپاشی کاسلسلہ جاری رکھنے اور بورڈ و مکسچر کے سپرے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ چونکہ موسم گرما کی شدت اورحبس کے پیش نظر مختلف کیڑے مکوڑے باغات پر حملہ آور ہو سکتے ہیں اس لئے بورڈ و مکسچر کے سپرے کے علاوہ باغات کی پیسٹ سکاؤٹنگ سے بھی کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے کہاکہ باغبان ترشاوہ باغات میں کیڑوں کے حملے کا جائزہ لیتے رہیں اور جب تک پھل کے اچھی طرح پک کر تیار ہو جانے اور اسے اتارنے کاعمل مکمل نہ ہو جائے اس وقت تک پھل کی مکھی کے انسداد کی تدابیر جاری رکھی جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ باغبان شاخ تراشی کے آلات کا جائزہ لیں اور تیلے و سکیلز کیلئے کیڑے مار زہروں کا بھی انتظام کریں۔ انہوں نے کہاکہ باغبان اعلیٰ نسل کے نئے پودوں کی خریداری کا بھی انتظام کریں تاکہ نئے پودے لگاتے وقت انہیں کسی مشکل یاپریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔