سیلابی بارش کے باعث کپاس کی چنائی کا عمل معطل

منگل 28 جولائی 2015 15:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) سیلابی بارش کے باعث کپاس کی چنائی کا عمل معطل ہو گیا ہے۔ٹیکسٹائل سیکٹر کو سپلائی میں خلل کا خدشہ اندیشہ ہے مقامی طلب پوری کرنے کیلئے کپاس کی امپورٹ پر انحصار بڑھ سکتا ہے۔ملک بھر میں کپاس کے بڑے پیداواری علاقے بھی سیلابی بارش کی زد میں آگئے ،جس سے کاٹن کی چنائی کا عمل معطل ہوکر رہ گیا۔

(جاری ہے)

پنجاب میں رحیم یار خان ، بہاولپور ، وہاڑی ، ملتان پاک پتن، سندھ میں گھوٹکی ، سکھر ، میر پور خاص اور بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں بارشوں اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر کپاس کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے رواں مالی سال مقامی طلب کو پورا کرنے کے لیے امپورٹ پر انحصار بڑھ سکتا ہے۔ دوسری جانب کپاس کی چنائی رک جانے سے جننگ فیکٹریوں میں پیداواری عمل معطل ہوکر رہ گیا ہے جس کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر کو سپلائی میں بھی خلل آنے کا خدشہ ہے۔ جنرز کے مطابق غیر یقینی صورتحال کے باعث فی من کپاس سوروپے مہنگی ہوکر سندھ میں چار ہزار سات سو پچاس اور پنجاب میں پانچ ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :