پاکستان پر گرداس پور حملے کے الزامات،بھارتی میڈیا نے پینترا بدل لیا،پاکستان کے ملوث ہونے کے "قابل اعتبار" ثبوت نہ ملنے کا اعتراف کر لیا

ہفتہ 1 اگست 2015 22:36

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) پاکستان پر گرداس پور حملے کے الزامات کے بعد بھارتی میڈیا نے پینترا بدل لیا،پاکستان کے ملوث ہونے کے "قابل اعتبار" ثبوت نہ ملنے کا اعتراف کر لیا۔نہ ثبوت نہ تحقیق گرداس پور حملے کے فوری بعد ہی بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا۔ غیر واضح سی سی ٹی وی فوٹیج ہاتھ آئی تو ہرزہ سرائی اور بھی تیز ہو گئی۔

یہاں تک کہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ بھی زہر افشانی میں پیش پیش رہے لیکن بھارتی میڈیا اور وزیر داخلہ کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔ اب بھارتی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی واضح ثبوت نہیں ملے۔ پاکستانی حکومت حملے سے بالکل بے خبر تھی۔ حملے کے فوری بعد بھارتی حکومت نے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات ہی منسوخ کر دی تھی۔

(جاری ہے)

اب خبر یہ ہے کہ پاک بھارت حکام کی ملاقات اس ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق پاکستانی مشیر خارجہ اگست کے آخر میں نئی دلی پہنچیں گے۔ جہاں وہ بھارتی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اجیت کے دیول سے ملاقات کریں گے۔ یوں ایک بار پھر بھارتی ڈرامہ اور شر انگیز پراپیگنڈہ اپنے انجام کو پہنچا۔ چھوٹی چھوٹی باتوں کو بنیاد بنا کر پاکستان کیخلاف پراپیگنڈہ کرنا بھارت کی پرانی عادت ہے۔ بھارتی سرکار کبھی کبوتر کو جاسوس بنا کر ڈھنڈورا پیٹتی رہی ہے تو کبھی بحیرہ ہند میں اسمگلروں کی کشتی کو آگ لگا کر ڈرامے کرتی رہی ہے۔