`صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے جوان ہمارا فخرہیں: مشتاق احمد غنی`

پیر 3 اگست 2015 23:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے اور صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے محکمہ پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے بہادر جوانوں پر صوبے کے عوام کو فخر ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور پریس کلب میں شہدائے پولیس کی یاد میں منعقدہ تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنما، سول سوسائٹی کے نمائندے، تاجر برادری کے نمائندے، پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی کثیر تعداد موجود تھی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس ایک ماڈل پولیس ہے جس کی کارکردگی دوسرے صوبوں کی پولیس کے مقابلے میں حد درجہ بہتر ہے، محکمہ پولیس کو ایک بہترین مکمل فورس بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس مقصد کی تکمیل کے لئے موجودہ حکومت نے سب سے پہلے پولیس ڈیپارٹمنٹ میں سیاسی مداخلت کا مکمل خاتمہ کیا ہے ، کوئی وزیر اور رکن صوبائی اسمبلی اپنی پسند کا ایک پولیس کانسٹیبل بھی بھرتی اور ٹرانسفر نہیں کرا سکتا ہے جس کی وجہ سے آج محکمہ پولیس آئین و قانون کی روشنی میں اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں پولیس کو اپنی ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا، سیاسی مداخلت اور دباوٴ کی وجہ سے محکمہ پولیس کی ساکھ خراب ہو چکی تھی لیکن تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے بر سراقتدار آتے ہی سب سے پہلے محکمہ پولیس کوہر قسم کے دباوٴ سے آزاد کیا جس کی وجہ سے آج اس محکمے پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔

مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ شہدائے پولیس صوبے کے عوام کے دلوں میں زندہ ہیں اور وہ جام شہادت نوش کرنے والے اپنے پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر کرتے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس نے جس بہادری اور جانفشانی کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال کسی دوسرے صوبے میں نہیں ملتی ہے ۔شہدائے پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں ان کی قربانی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور صوبے میں امن و امان اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے پولیس کے جوان ہمارے ہیروز ہیں جو ہمیشہ ہمارے دل و دماغ میں زندہ رہیں گے`

متعلقہ عنوان :