کراچی کے ہر حصے میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار ہے شہر کا نصف سے زائد حصہ تجاوزات کی زد میں ہے لیکن حکومتی کاروائی کا آغاز شہر کے حساس علاقے سے کرنے کے مقاصد صوبائی حکومت کی شفاف کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر

منگل 4 اگست 2015 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی کے ہر حصے میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار ہے شہر کا نصف سے زائد حصہ تجاوزات کی زد میں ہے لیکن حکومتی کاروائی کا آغاز شہر کے حساس علاقے سے کرنے کے مقاصد صوبائی حکومت کی شفاف کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں․گجر نالے سمیت تمام ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے اخراجات ان سرکاری افسران سے وصول کئے جائیں جن کی منشا سے ناجائزتجا وزات قائم کی گئیں․ سندھ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے بیرون ملک جا بیٹھی ہے جس کی وجہ سے صوبے کے عوام عدم تحفظ اور احساس محرومی کا شکار ہو رہے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے مسائل کو نظر انداز کرنے پر احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے․ کراچی سے کشمور تک حکومتی رٹ کی بجائے حکمران پارٹی کے مقامی لوگوں کی حکمرانی نے سندھ کے عوام کو غلاموں جیسی زندگی بسر کرنے پر مجبور کردیا ہے․ سندھ کے عوام کے ساتھ صوبائی حکومت کا رویہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صوبائی قیادت اور کارکنوں کے لئے تکلیف کا باعث بن رہا ہے․ سندھ کے عوام کے ساتھ ہاریوں جیسا سلوک کرتے ہوئے انہیں سرکاری افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے․ اندرون سندھ کے سیلاب زدگان اور کراچی کے شہریوں کو سرکاری اہلکاروں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر صوبائی حکمران بیرون ملک دوروں پر نکل چکے ہیں․ حکومتی اقدامات سے واضح ہو رہا ہے کہ کراچی کے برساتی نالوں پر قائم تجاوزات آئندہ سالوں تک بھی ختم نہیں ہونگی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے کچھ عناصر کراچی میں بد امنی پیدا کرکے صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں․ شہر قائد کے برساتی نالوں کے داخلی اور خارجی راستوں سے تجاوازت کا سلسلہ شروع کرنے کی بجائے شہر کے وسط سے تجاوزات کے خلاف آپریشن سیاسی مفادات کا حامل ڈرامہ نظر آتا ہے․ گذشتہ سات سال صرف اعلانات کئے گئے اور کراچی کے شہریوں کی جانیں اور املاک سیلابی ریلوں کی نذر ہوتے رہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے حکومت سندھ کے محکمہ بلدیات کی ناقص کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا کراچی میں صرف گجر نالہ پر ہی تجاوازت ہیں ؟کیا نہر خیام اور کراچی میں نکاسی آب کے لئے مختص دیگر نالوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کرنے کے لئے دوسرے صوبوں سے مدد مانگی جائے گی؟ گجر نالے پر قائم ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ وہاں کے مکینوں کو متبادل رہائشی زمین دینے کی ذمہ داری ان اداروں اور افراد پر ڈالی جائے جو کراچی کے برساتی نالوں اور نکاسی آب کے نظام پر غیر قانونی تجاوزات قائم کروانے کے ذمہ دار ہیں․ حکومت سندھ کے بلدیاتی ادارے اور افسران اس وقت کہاں تھے جب شہر کے برساتی نالوں پر تجاوزات کی بھرمار کا آغاز ہوا تھا ؟ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے کسی بھی شہر میں غیر قانونی تجاوزات کی مخالف ہے اور بلدیاتی انتخابات میں سندھ کے قانون و امن پسند شہریوں کے ووٹ کی طاقت سے کامیابی کے بعد صوبے سے ناجائز تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرے گی اور متعلقہ سرکاری اہلکار و ں کو تمام متاثرین کی بحالی کے اخراجات کی ادائیگی کا پابند بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :