چین نے سنکیانگ میں مسلم عسکریت پسندوں کے خلاف امریکا سے مدد طلب کرلی

بدھ 5 اگست 2015 18:46

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) چین نے اپنے مغربی صوبے سنکیانگ میں اسلامی عسکریت پسندوں سے نمٹنے کے لیے امریکا سے مدد کی درخواست کردی۔برطانوی خبررساں ادارے نے چینی حکام کے حوالے سے لکھا ہے کہ مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم) سنکیانگ کے اویغور مسلمانوں کو بھرتی کر رہی ہے، جنھیں تربیت دے کر شام اور عراق بھیجا جارہا ہے، جبکہ وہاں سے واپسی پر یہ چین میں ایک بڑی جنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

بہت سے غیر ملکی ماہرین نے چین میں مشرقی ترکستان اسلامک موومنٹ کی موجودگی کے حوالے سے سوال اٹھایا ہے تاہم چینی وزارت خارجہ کا دعویٰ ہے کہ دہشت گردی کا خطرہ دن بہ دن مزید پیچیدہ" ہوتا جارہا ہے۔اس سلسلے میں چینی نائب وزیر خارجہ چینگ گوپنگ اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے بیورو آف انسدادِ دہشت گردی کے سفیر ٹینا کیڈاناؤ کے مابین ملاقات ہوئی۔

(جاری ہے)

چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین نے ای ٹی آئی ایم اور مشرقی ترکستان کی دیگر دہشت گرد جماعتوں سے لاحق خطرات پر زور دیتے ہوئے امریکا اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مشرقی ترکستان کی دہشت گرد فورسز سے نمٹنے کے لیے چین کا ساتھ دیں.دونوں جانب سے سائبر دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے اور انسدادِ دہشت گردی انٹیلی جنس کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اویغور مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے حالیہ برسوں میں جنوب مشرقی ایشیاء کے ذریعے چین سے ترکی کا غیر قانونی سفر کیا ہے۔انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے گروپس کا کہنا ہے کہ چینی مسلمانوں نے سنکیانگ میں پر تشدد کارروائیوں اور چین کی جانب سے ان کے مذہب اور کلچر پر پابندیوں کی وجہ سے یہاں سے ہجرت کی ہے، تاہم بیجنگ حکومت کی جانب سے اس تاثر کی تردید کی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ اویغور قوم کی اکثریت معتدل اسلام پر عمل پیرا ہے تاہم ان میں کچھ لوگ سعودی عرب اور افغانستان میں نافذ اسلامی طریقہ کار پر کاربند ہیں جیسا کہ خواتین کا نقاب کرنا اور مردوں کا داڑھیاں رکھنا، جن کے خلاف حالیہ سالوں میں چینی سیکیورٹی فورسز نے کریک ڈاؤن بھی کیا۔گذشتہ چند سالوں میں سنکیانگ میں ہونے والی کشیدگی کے باعث سینکٹروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ چینی حکومت کی جانب سے یہاں امن و امان کی خراب صورت حال کا ذمہ دار اسلامی شدت پسندوں کے ساتھ ساتھ مشرقی ترکستان کے نام سے ایک علیحدہ ریاست بنانے والوں کو قرار دیا جارہا ہے، جسے امریکا نے 11 ستمبر 2001 کے حملے کے بعد دہشت گرد گروپ قرار دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :