لوبیاکے کاشتکاروں کو بروقت کاشت مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 7 اگست 2015 14:32

فیصل آباد ۔7اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07اگست۔2015ء) ماہرین زراعت نے لوبیاکے کاشتکاروں کو بروقت کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار لوبیاکی فصل کی کاشت کیلئے زرخیز میرازمین کاانتخاب کریں۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ کھیت کو وتر آنے پر دو سے تین مرتبہ ہل چلا کرسہاگہ کی مدد سے اچھی طرح ہموار کرلینا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار لوبیاکی ترقی دادہ اقسام سی پی ون ، سی پی ٹو، سی پی 518 ، وائٹ سٹار اور ایس اے ڈینڈی کاشت کر کے بہتر پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چارہ کی فصل کیلئے شرح بیج 12سے15 کلوگرام فی ایکڑ اور بیج کے حصول کیلئے8سے 10 کلوگرام فی ایکڑ ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ اچھی پیداوار کیلئے زمین کی تیاری کے دوران ایک بوری ڈی اے پی فی ایکڑ کھیت میں ڈالنے کے علاوہ لوبیاکی فصل بذریعہ ڈرل بھی کاشت کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ قطاروں میں کاشت کی صورت میں درمیانی فاصلہ کم از کم ایک فٹ ہوناچاہیے تاکہ گوڈی ، چھدرائی اور جڑی بوٹیوں کی تلفی میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے کہاکہ ا س ضمن میں مزید معلومات کیلئے ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔