ترشاوہ باغات کے باغبانوں کو موسم برسات میں باغات کی خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت

جمعہ 7 اگست 2015 14:32

فیصل آباد ۔7اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07اگست۔2015ء)ترشاوہ باغات کے باغبانوں کو موسم برسات میں باغات کی خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ چونکہ بارشوں کے بعد پودوں پر نکلنے والی نئی پھوٹ پر لیف مائنر کاحملہ ہو سکتاہے جو بعد میں سٹرس کینکر کی شکل اختیار کر سکتاہے اس لئے باغات کی دیکھ بھال میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔

(جاری ہے)

ماہرین زراعت نے بتایاکہ ترشاوہ پھل رقبے اور پیداوار کے لحاظ سے باقی تمام پھلوں کے مقابلے میں پہلے نمبر پر آتے ہیں اور پاکستان میں ان کی زیادہ تر کاشت صوبہ پنجاب میں جبکہ صوبہ پنجاب میں اس کی زیادہ کاشت سرگودھا ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، بھلوا ل ،ساہیوال ، گجرات ، بھکر اور لیہ کے اضلاع میں ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ترشاوہ پھل آج کل اپنی نشوونما کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں اس لئے ان کی کامیاب نشو ونما کی غرض سے ضروری ہے کہ پودوں کو پانی کی کمی نہ آنے دی جائے اور نائٹروجنی کھاد کی تیسری قسط بھی وقت پر ڈال دی جائے تاکہ بیماریوں اور کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رہا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ باغبان مزید مشاورت یارہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔