ہیکرز نے 24 لاکھ صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کی،برطانوی کمپنی

اتوار 9 اگست 2015 12:47

ہیکرز نے 24 لاکھ صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کی،برطانوی کمپنی

لندن ۔ 09 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اگست۔2015ء) برطانیہ میں موبائل فون فروخت کرنے والی کمپنی کارفون ویئرہاوٴس نے کہاہے کہ ایک سائبر حملے میں ہیکرز نے ممکنہ طور پر اس کے 24 لاکھ صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کی ہے۔برطانوی ریڈیو کے مطابق کمپنی کو سائبر حملے کے بارے میں بدھ کو پتہ چلا تھا ۔

(جاری ہے)

کارفون ویئر ہاوٴس نے اس واقعے پر اپنے صارفین سے معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے تمام صارفین سے رابطہ کر رہا ہے جبکہ نظام کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سائبر حملہ اس کے اس ڈویژن پر کیا گیا جو کئی ویب سائٹس کو چلاتا ہے۔کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے اپنے نظام کو محفوظ بنانے کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے اور معاملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی تھیں جن سے یہ پتہ چلا کہ 24 لاکھ کے قریب صارفین کے نام، پتے اور بینک کی معلومات تک ممکنہ طور پر رسائی حاصل کی گئی ہے۔کار فون ویئر ہاوٴس کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ 90 ہزار صارفین کے کریڈٹ کارڈ کی معلومات بھی ممکنہ طور پر حاصل کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :