بارانی علاقوں میں سویابین کی کاشت سے 20 من فی ایکڑ تک پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے ٗمحکمہ زراعت پنجاب

کاشتکار بارانی علاقوں میں سویابین کی کاشت اگست میں مکمل کریں ٗترجمان کی ہدایت

اتوار 9 اگست 2015 16:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اگست۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بارانی علاقوں میں سویابین کی کاشت سے 20 من فی ایکڑ تک پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے ٗ کاشتکار بارانی علاقوں میں سویابین کی کاشت اگست میں مکمل کریں اور سویابین کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے محکمہ زراعت کی سفارش کردہ اقسام فیصل سویابین اور اجمیری سویابین کاشت کریں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ فیصل سویابین بارانی علاقوں کے زیادہ بارش والے خطوں میں زیادہ پیداوار دیتی ہے جبکہ اجمیری سویابین راولپنڈی، جہلم، چکوال اور سیالکوٹ میں کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے۔ کاشتکار بارانی علاقوں میں سویابین کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری اور وتر کی سنبھال کیلئے دو سے تین دفعہ ہل اور دو دفعہ سہاگہ دیں۔ سویابین کی کاشت بذریعہ سنگل رو ڈرل سے قطاروں میں 30 سے 45 سینٹی میٹر فاصلہ پر کریں اور اس کی کاشت کیلئے شرح بیج 30 تا 35 کلو گرام فی ایکڑ رکھیں۔ کاشتکار سویابین کی کاشت سے قبل بیج کو تھائیو فینٹ میتھائل یا مینکوزیب گروپ سے کوئی بھی زرعی دوا 2 تا 2.5 گرام فی کلو گرام بیج کو لگائیں تاکہ بیج اور زمین سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے فصل محفوظ رہے۔

متعلقہ عنوان :