بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اگر انکی حوصلہ افزائی کی جائے تو یہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، ڈپٹی میئر میٹروپولیٹن کارپوریشن محمد یونس بلوچ کا پشین میں فٹ بال ٹورنا منٹ کی تقریب سے خطاب

بدھ 12 اگست 2015 22:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) ڈپٹی میئر میٹروپولیٹن کارپوریشن محمد یونس بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اگر انکی حوصلہ افزائی کی جائے تو یہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی میئر میٹروپولیٹن کارپوریشن محمد یونس بلوچ نے بدھ کوپشین اورحر مزئی میں فٹ بال ٹورنا منٹ کے فائنل کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کا انعقادا نتہائی ضروری ہے۔انھوں کہا کہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ بلوچستان میں بھی ایسے کھلاڑی موجود ہیں۔ جو ملک کے دوسرے صوبوں کے کھلاڑیوں سے کسی طرح کم اہمیت کے حامل نہیں۔ڈپٹی میئر نے کہا کہ فٹ بال ایک اہم کھیل ہے اور ہمیں کوشش کرنی چائیے کہ اس کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیں تاکہ بلوچستان کے کھلاڑی بھی قومی ٹیم میں شامل ہو کر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آج کا یہ میچ دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ میں کسی بین الاقوامی گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھ رہا ہوں۔انھوں نے کہاکہ معاشرے میں برائیوں کو ختم کرنے کیلئے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی بھر پور توجہ دینی چاہیے تاکہ ہم کھیلوں کے پلیٹ فارم سے برائی کے ناسور کو ختم کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انھوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کھیلوں کے حوالے سے عام طور پر ہر مقابلوں کیلئے صحت مند اور چاق و چوبند ہونا اس کا بنیادی جْز تصور کیا جاتا ہے انسانی عزائم اور ہمت کی کوئی حد نہیں ہوتی جس کے بل بوتے پر کھلاڑی حیران کن کارنامے انجام دے سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آج ان کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا کہ کھیل کے میدان میں ہم کسی سے پیچھے نہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی سرپرستی نہیں۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 75ٹیموں نے شرکت کی جبکہ علاقائی اسپورٹس کمیٹی کے چیئر مین بصیر آغا کی سرپرستی میں اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :