حکومت سندھ تمام تر وسائل استعمال کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ

واسا افسران حیدرآباد کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں تاکہ کوئی بھی شہری پانی جیسی نعمت سے محروم نہ رہ سکے

پیر 24 اگست 2015 22:49

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ تمام تر وسائل استعمال کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، واسا افسران حیدرآباد کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں تاکہ کوئی بھی شہری پانی جیسی نعمت سے محروم نہ رہ سکے۔

وہ ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے کے آفس میں شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب سے متعلق مسائل کے حل کیلئے واسا کے افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو اسٹاک جام خان شورو، ڈی سی حیدرآباد فیاض جتوئی اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ واسا کئی مسائل کا شکار ہے اور اس کے حل کیلئے انہوں نے واسا کے اعلیٰ افسران کو ہدایت کی کہ وہ درپیش مسائل اوران کے حل کیلئے تجاویز پر مشتمل رپورٹ انہیں پیش کریں تاکہ حکمت عملی ترتیب دے کر واسا کو مشکلات سے نکالا جاسکے اور عوام کو بھی فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولتیں دستیاب ہوں، انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ پانی کی مد میں بلز کی وصولی کیلئے مربوط نظام تشکیل دیں جس کے تحت نہ صرف غیر قانونی پانی کے کنکشن منقطع کیے جائیں بلکہ مقررہ وقت میں بلز ادا نہ کرنے والے صارفین کے پانی کے کنکشن منقطع کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ واسا کو درپیش مالی مسائل کو حل کیا جا سکے اور ملازمین کو وقت پر ادائیگیاں ممکن ہو سکیں اور پانی کی پرانی لائینوں کی تبدیلی بھی ممکن بنائی جا سکے، انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ واسا جیسے اہم محکمے کو مستحکم بنانے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں اور واجب الادا پانی کے بلز مقررہ وقت میں جمع کرائیں تاکہ انہیں نکاسی و فراہمی آب سے متعلق کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، انہوں نے متعلقہ افسران کو تنبیہ کی کہ وہ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں غفلت برتنے والے افسران و عملے کے خلاف قانونی کاروائی کریں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز جام خان شورو نے واسا افسران پر زور دیا کہ وہ شہریوں کو پانی جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں واسا کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کیے جائیں گے، اس موقع پروزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی عبد الجبار خان ، پی پی پی ضلع حیدرآباد کے صدر زاہد علی بھرگڑی ، امان اﷲ سیال ، فیاض شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :