پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن فروغ تعلیم پر ساڑھے دس ارب روپے خرچ کر رہی ہے ‘ قمر الاسلام

بدھ 26 اگست 2015 16:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال کے دوران پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے توسط سے بے وسیلہ بچوں کی تعلیم کے لیے ساڑھے دس ارب روپے مختص کیے ہیں ، یہ رقم غربت اور ضروری وسائل کی کمی کا شکار 18لاکھ طلباو طالبات کو مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی پر خرچ کیے جا رہی ہے ۔یہ بات چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن قمر الاسلام راجہ نے مغل پورہ میں منعقدہ” عظمت اساتذہ کانفرنس“ سے خطاب میں کہی ۔

تقریب میں مختلف اضلاع سے پیف پارٹنر سکولوں کے اساتذہ و مالکان نے شرکت کی ۔ قمر الاسلام نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن تعلیم عام کر کے سماجی بھلائی کے اوصاف سے آراستہ خوشحال پاکستان کی تعمیر میں مصروف ہے۔ اس فاؤنڈیشن نے پنجاب کے کونے کونے میں تعلیم پہنچا کر تعلیم یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھ دی ہے ، جس سے نجی شعبے کو بھی بھرپور فائدہ پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم ہماری بہترین پہچان ہے جس سے معاشرے مثبت نمو پاتے ہیں اور قومیں ترقی کرتی ہیں ۔ فروغ تعلیم کی اس جدوجہد میں پارٹنر سکولوں کا کردار اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ سکول کی پہچان ہیں جو تربیت اور ٹیچنگ سے طالب علم کو کل کے لیڈر میں بدل دیتے ہیں ۔اسی طرح تعلیم کے ساتھ ساتھ سپورٹس و ڈسپلن سکھانے سے طالب علم میں خود اعتمادی اور آگے بڑھنے کا جذبہ بیدار ہوتا ہے ۔

اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طالب علموں کی شخصیت میں مثبت اوصاف اجاگرکریں ، تاکہ طالب علم خود اعتمادی ، امید اور حوصلہ کے ساتھ تعمیر وطن کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اپنے بہترین کردار سے سکول کو طالب علموں کے لیے پر کشش بنائیں ، اس طرح سیکھنے کا عمل پُرلطف ہو گا۔ چیئرمین پیف نے بتایا کہ پارٹنر سکولوں کے ماہانہ واجبات میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اضافی آمدن سکول انفراسٹرکچر کی بہتری اور اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافے میں معاون ثابت ہو گی ۔ قمر الاسلام نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے مختلف تعلیمی اصلاحات کے ذریعے پرائیویٹ سکولوں کے کردار کو تقویت دی ہے جس کا فائدہ طالب علم کمیونٹی کو ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا فروغ تعلیم سے وابستہ ہے ، اس حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کردار کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے ۔ تقریب سے سکول مالکا ن نے بھی خطاب کیا ۔ آخرم میں پیف چیئرمین قمر الاسلام نے نمایاں کارکردگی کے حامل اساتذہ و دیگر سٹاف میں انعامات تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :