سہولیات کے فقدان کی شکایات پر میاں امتیازاحمد کا گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کا دورہ

جمعرات 3 ستمبر 2015 14:02

رحیم یارخان ۔ 3 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء) رحیم یارخان کے قدیمی تعلیمی ادارہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گلشن عثمان رحیم یار خان میں بنیادی سہولتوں کے فقدان کی عوامی شکایات پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ میاں امتیازاحمد نے ضلعی افسران کے ہمراہ سکول کا دورہ کیا ۔اس موقع پرسابق تحصیل ناظم میاں اعجازعامر‘ ڈی او پلاننگ چوہدری طالب رندھاوا‘ ای ڈی او ورکس شاہد خان اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میاں امتیازاحمد نے سکول کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے شکایات کو درست قرار دیا اور اپنے ہمراہ افسران کو فوری طور پر سکول میں 6نئے کلاس رومز کا تخمینہ لگاکر فوری تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سکول کے دیگر مسائل بھی جلد حل کرانے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری سکولوں میں چاردیواری‘ کمروں اور ٹوائلٹس کی تعمیر موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور حلقہ این اے 196 کے بیشتر گورنمنٹ سکولوں میں یہ بنیادی سہولتیں فراہم کی جاچکی ہیں۔شرح خواندگی میں اضافے اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے تعلیمی اداروں کی حالت بہتر بنانا ناگزیر ہے اور اس حوالے سے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔