سکردو،شدید برف باری کے باعث 8پولیس اہلکاراورمحکمہ جنگلی حیات کے 25 سے زائد ملازمین پھنس گئے

منگل 22 ستمبر 2015 23:15

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 ستمبر۔2015ء )شدید برف باری کے باعث بلندسیاحتی مقام دیوسائی میں تعینات محکمہ پولیس کے 8اہلکاراورمحکمہ جنگلی حیات کے 25 سے زائد ملازمین پھنس گئے ہیں ۔یہ افراد بڑا پانی کے مقام پر ڈیوٹی پرتعینات ہیں تاہم شدیدبرف باری کے باعث اب یہ دیوسائی میں محصور ہیں ۔ایس ایس پی سکردوعمرسلامت کے مطابق ان افرادکو استور کے راستے سے نکالنے کیلئے استور انتظامیہ سے رابطہ کیاجارہاہے ۔

(جاری ہے)

سکردوکی جانب سے راستہ ٹاپ سے آگے بندہوگیاہے ۔اطلاعات کے مطابق تمام محصور افرادبالکل محفوظ ہیں تاہم برف باری بڑھنے کے باعث ان کاوہاں رہنا ممکن نہیں اس لئے انہیں دوسری جانب سے واپس لایا جائے گا۔دیوسائی میں مسلسل برف باری کے باعث امکان ہے کہ اب یہ سیرگاہ اگلے سال تک بندرہے گی ۔مسلسل بارشوں اوربالائی علاقوں میں برف باری کے باعث گلتری سمیت متعددبالائی دیہاتوں کاسکردوسے زمینی رابطہ منقطع ہوگیاہے جبکہ گلگت سکردوروڈ میں کچورا کے مقام پر لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک بڑی گاڑیوں کیلئے بندہوگئی ہے ۔