عالمی رہنما ہر بچے کو تحفظ، آزادانہ اور معیاری پرائمری و ثانوی تعلیم کا حق دینے کا عہد کریں،مجھے امید ہے کہ اقوام متحدہ میں جمع ہم سب لوگ تعلیم اور امن کے اہداف کے حصول کیلئے متحد ہیں، ہم نہ صرف دنیا کو بہتر جگہ بنائیں گے بلکہ بہترین مسکن بنائیں گے

نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی ہال میں خطاب

اتوار 27 ستمبر 2015 17:26

عالمی رہنما ہر بچے کو تحفظ، آزادانہ اور معیاری پرائمری و ثانوی تعلیم ..

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 ستمبر۔2015ء) تعلیم کیلئے کام کرنے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ ہر بچے کو تحفظ، آزادانہ اور معیاری پرائمری و ثانوی تعلیم کا حق دینے کا عہد کریں۔ جمعہ کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی ہال کے سب سے بڑے پلیٹ فارم سے سینکڑوں سربراہان ممالک و حکومت اور سینئر سرکاری حکام سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی ، جسے تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرنے پر 2012ء میں طالبان نے گولی مار کر زخمی کردیا تھا، نے کہا کہ یہاں بیٹھے عالمی رہنما توجہ دیں کہ کیونکہ نئی نسل اپنی آواز بلند کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج ہم 193 نوجوان ، کروڑوں نوجوانوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ہم میں سے ہر نوجوان کی مقامی لالٹین ہمارے مستقبل کی امیدوں کی کرنیں ہیں کیونکہ آپ نے عالمی اہداف کو پورا کرنے کے عزم کر رکھا ہے جبکہ ہر نوجوان نے بلیو لائٹ اٹھا رکھی تھی۔

(جاری ہے)

جنرل اسمبلی کے ہال میں نوبل انعام یافتہ نوجوان رہنما کے خطاب سے کچھ دیر بعد جنرل اسمبلی نے 2030ء کیلئے پائیدار ترقی کا ایجنڈا اختیار کیا جس کا حصہ 17 عالمی اہداف بنانے کیلئے ہیں جس کا مقصد تاریخی ہزاریہ ترقیاتی اہداف کے مشن کو جاری رکھنا ہے جو سمتبر2000ء میں 15سال کیلئے غربت کے خاتمہ کے مقاصد کے ساتھ شروع کیا گیا تھا۔

ملالہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اقوام متحدہ میں جمع ہم سب لوگ تعلیم اور امن کے اہداف کے حصول کیلئے متحد ہیں اور جس کے ذریعے ہم نہ صرف دنیا کو بہتر جگہ بنائیں گے بلکہ بہترین مسکن بنائیں گے۔ ملالہ نے زور دے کر کہا کہ تعلیم ایک امید ہے، تعلیم ہی امن ہے۔ بعدازاں انہوں نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔

پاکستان واپسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ وطن واپس جائیں بالخصوص خوبصورت وادی سوات میں جہاں وہ پیدا ہوئیں اور پرورش پائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان جاکر تعلیم کے فروغ کیلئے کا کرنا چاہتی ہیں تاکہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے فلسطینی بچوں سے ہمدردی کا اظہار کیا جو اشرائیلی قبضہ اور اسرائیل فلسطین لڑائی کی وجہ سے متاثر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے انعام کے طور پر حاصل ہونے والی اپنی پوری رقم غزہ میں جنگ سے تباہ حال سکول کی تعمیر کیلئے عطیہ کردی ہے اور فلسطینی بچوں کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستانی صحافیوں کیلئے پریس بریفنگ میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاکہ انہیں ملالہ یوسف زئی پر فخر ہے کیونکہ وہ دنیا کے نوجوانوں بالخصوص پاکستانی نوجوانوں کی رہنما بن کر ابھری ہیں۔