اڑھائی ارب روپے سے بہاولپور میں یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز قائم کی جارہی ہے ‘ ارشد جٹ

پیر 28 ستمبر 2015 16:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 ستمبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک محمد ارشد جٹ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب لائیو سٹاک کے شعبہ کی ترقی اور اس سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے، بہاولپور میں تقریباً اڑھائی ارب روپے کی لاگت سے بہاولپور میں یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز قائم کی جارہی ہے جس سے جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو اپنے ہی علاقے میں وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کی تعلیم حاصل کرنے کی سہولت میسر ہوجائے گی۔

یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک کے علاوہ دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ اس منصوبے اب تک 264ملین روپے خرچ کئے جاچکے ہیں اور رواں مالی سال میں 700ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ محمد ارشد جٹ نے افسران کو ہدایت کی کام کی کوالٹی کو برقرار رکھا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں صوبہ بھر میں بریڈنگ سروسز کی ری سٹکچرنگ کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے پر 662ملین روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ رواں سال مکمل ہوجائے گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا اس سال بجٹ میں236.153ملین روپے رکھے گئے ہیں ۔