گھریلو پیمانے پر کاشت کے لیے کچن گارڈننگ کے پروگرام پر عمل درآمد جاری

بدھ 30 ستمبر 2015 16:41

ملتان۔30 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر۔2015ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ میں زہروں کے اثرات سے پاک سبزیوں کی گھریلو پیمانے پر کاشت کے لیے کچن گارڈننگ کے پروگرام پر عمل درآمد جاری ہے ۔اس منصوبہ کا مقصد کاشتکاروں اور شہری آبادی کو اپنی سبزیاں خود اُگانے کی طرف راغب کر کے نہ صرف کچن کے ماہانہ اخراجات میں کمی لانا ہے بلکہ زرعی زہروں کے مضر اثرات سے پاک سبزیوں کے حصول کو ممکن بھی بنانا ہے ۔

ان کوغذائیت سے بھرپور تازہ سبزیوں کی دستیابی اور گھریلو اخراجات میں کمی لانا ہے ۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ مالی سال 2015-16ء میں حالیہ ربیع کے دوران پنجاب میں سبزیوں کے بیجوں کے 1لا کھ پیکٹس کی تقسیم کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لیے صوبہ کے تمام اضلاع میں 325سیل پوائینٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں پر 50روپے فی پیکٹ کے حساب سے 8سبزیوں کے بیج دستیاب ہیں۔

محکمہ زراعت کے ماہرین کی طرف سے گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کے وضع کیے گئے طریقوں سے ہر گھر میں خالی جگہ کے علاوہ استعمال شدہ ڈبوں، گملوں، پلاسٹک کے تھیلوں وغیرہ میں بھی سبزیاں کاشت کی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ گھر کی چھتوں اور دیواروں کے ساتھ بیلوں والی سبزیاں کاشت کرکے نہ صرف گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کیاجاسکتا ہے بلکہ غذائیت سے بھر پور تازہ سبزیاں بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔اپنے کھیت یا گھر کے باغیچہ میں کاشت کی ہوئی سبزیاں تازہ، سستی، زرعی زہروں اور دیگر آلائشوں سے پاک ہوتی ہیں جن کے استعمال سے انسانی صحت پر خوشگوار اثر پڑتا ہے۔۔