لاہور میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس سب انسپکٹر کو قتل کردیا

سب انسپکٹر ارشد ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جارہا تھا کہ راستے میں نامعلوم ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 اپریل 2024 11:09

لاہور میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس سب انسپکٹر کو قتل کردیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس سب انسپکٹر کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے مصری شاہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے سب انسپکٹر ارشد کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا جب سب انسپکٹر ارشد اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جارہا تھا کہ اس دوران راستے میں نامعلوم ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے سب انسپکٹر پر پیچے سے 2 فائر کیے، جس کے بعد سب انسپکٹر موٹر سائیکل سے گرگیا، حملہ آور نے قریب آکر مزید 2 فائر کیے فائرنگ کے بعد حملہ آور اطمینان سے فرار ہوگئے، مقتول ارشد کو ایک موریہ پل کے قریب گولیاں مار کر قتل کیا گیا، سب انسپکٹر ارشد کو 4 گولیاں لگیں، جاں بحق سب انسپکٹر ارشد لاہور کے تھانہ باغبان پورہ انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پولیس پر حملوں اور طلبہ کے اغوا میں ملوث انتہائی مطلوب دہشتگرد مارا گیا، پولیس اور سکیورٹی اہل کاروں کی فائرنگ سے انتہائی مطلوب دہشت گرد صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ خیبر میں ہلاک ہوا، ہلاک دہشت گرد نے جمرود میں دینی مدارس کے 4 طلبہ کو اغوا کیا تھا اور انہیں کالعدم تنظیم میں شامل ہونے کی ترغیب دی تھی، دہشت گرد نے چاروں طلبہ کو افغانستان منتقل کیا، جن میں سے 2 کو افغانستان ہی میں دہشت گردی کی تربیت دی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک طالب علم کو افغانستان سے واپسی پر گرفتار کرلیا گیا تھا، ہلاک دہشت گرد عظمت کیسر کی قیمت لاکھوں میں مقرر تھی، جو سکیورٹی فورسز و پولیس پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا، دہشت گرد کے حملے میں خیبر میں 2 پولیس اہل کار شہید ہوئے تھے۔