تحریک انصاف مذاکرات نہیں ڈیل کی درخواستیں دے رہی ہے، وزیراطلاعات سندھ

اداروں کے خلاف مہم چلانے والے کس منہ سے اداروں سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔ شرجیل میمن کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 اپریل 2024 10:41

تحریک انصاف مذاکرات نہیں ڈیل کی درخواستیں دے رہی ہے، وزیراطلاعات سندھ
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل 2024ء ) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مذاکرات نہیں ڈیل کی درخواستیں دے رہی ہے مگر ادارے تیار نہیں، شہریار آفریدی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے یہ کیسے عوام کو بیوقوف بنا کر اداروں سے لڑاتے ہیں، پی ٹی آئی نے پہلے اداروں کے خلاف مہم چلائی اب انہیں سیاست میں دھکیل کر متنازع بنانا چاہتی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وزیرِ اعلیٰ دہشت گردوں کی طرح اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکیاں دے رہا ہے، اسلام آباد پر قبضے کی دھمکی سے ثابت ہو گیا، پی ٹی آئی کے وزیرِ اعلیٰ کے عزائم دہشت گردانہ ہیں، پی ٹی آئی ایک طرف اداروں کے خلاف مہم چلا رہی ہے اور دوسری طرف منتیں کر رہی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پہلے سوشل میڈیا پر اب دارالخلافہ میں دہشت گردی کی باتیں کر رہے ہیں، داخلی گروہ بندی کا شکار پی ٹی آئی کے اندر ہر گروہ کا اپنا بیانیہ ہے، پچھلے ڈیڑھ سال سے پی ٹی آئی کا ہر گروہ ڈیل کی درخواستیں دے رہا ہے، اداروں کے خلاف مہم چلانے والے کس منہ سے اداروں سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اب صرف خیبر پختونخواہ تک رہ گئی ہے، تحریک انصاف کے اند بے چینی پھیلی ہوئی ہے، پی ٹی آئی والے دوبارہ فوج کو سیاست میں دھکیل رہے ہیں، پی ٹی آئی ایک اور 9 مئی کا منصوبہ بنا رہی ہے، سیاست دان ہیں مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، پی ٹی آئی کو سیاسی لوگوں سے بات کرنی چاہیے لیکن پی ٹی آئی ایک بار پھر فتنہ فساد کی سیاست کر رہی ہے، آج پی ٹی آئی میں سے بہت سی آوازیں اٹھ رہی ہیں، پی ٹی آئی عہدوں کے لیے انتشار کا شکار ہو چکی ہے، تحریک انصاف والے مس کال کا انتظار کر رہے ہیں، تحریک انصاف والوں کو سیاسی لوگوں کے ساتھ مذاکرات کرنے ہوں گے۔