حکومت تاجر خواتین کو معاشرے کا اثاثہ سمجھتی ہے، جنھیں با اختیار بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے،سینیٹر نجمہ حمید

جمعرات 1 اکتوبر 2015 22:44

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 01 اکتوبر۔2015ء )سینیٹر نجمہ حمید نے کہا کہ حکومت تاجر خواتین کو معاشرے کا اثاثہ سمجھتی ہے، جنھیں با اختیار بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ملک و قوم کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے، معاشرے کو خواتین کے بارے میں اپنا رویہ بدلنا ہو گا جبکہ نجی شعبہ کو بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گاجسکے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

سینیٹر نجمہ حمید نے یہ بات و ویمن چیمبر کے پانچویں اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،جس میں ممتاز اختر کو بلامقابلہ صدر، ثمینہ اختر کو اول نائب صدر اور ساجدہ انور کو نائب صدر منتخب کر لیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو ہر قسم کے حقوق دئیے جس کا اس سے قبل تصور تک نہ تھا۔ آج پاکستانی خواتین پر شعبہ میں اپنا نام روشن کر رہی ہیں جو انکی خوبیوں کا آئینہ دار ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل اور سابق صدر ڈاکٹر ذکیہ ہاشمی نے کہا کہ مرکزی حکومت اور حکومت پنجاب خواتین کی ترقی کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں مگر اس میں بہتری کی گنجائش ہے،و ویمن چیمبر نے ہمیشہ خواتین کی حوصلہ افزائی کی ہے اور آئندہ بھی ایسا کیا جاتا رہے گا تاکہ انکی استعداد بڑھا ئی جا سکے جس سے ملک و قوم، معیشت اور آنے والی نسلوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔