کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت گھریلو سبزیوں کی کاشت کیلئے بیجوں کی فراہمی کا عمل شروع

جمعہ 2 اکتوبر 2015 13:03

فیصل آباد۔2 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اکتوبر۔2015ء)فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت پنجاب بھر میں کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت گھریلو سبزیوں کی کاشت کیلئے بیجوں کی فراہمی کا عمل شروع کردیاگیا ہے اور میتھی ، پالک ، گاجر ، مولی، شلجم، دھنیا، سلاد، سرسوں کی 8 سبزیوں کے بیجوں پر مشتمل 116 گرام وزنی پیکٹ 50روپے میں فراہم کیاجارہاہے ۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ ربیع سیزن کے دوران مذکورہ پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے تمام 36 اضلاع میں ہزاروں پیکٹس کی فروخت کا ہدف مکمل کیاجائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ کچن گارڈننگ پروگرام کی عوامی مقبولیت کے پیش نظر پورے پنجاب میں یہ پروگرام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ صحت عامہ کے مسائل حل کرنے اور ان میں بہتری لانے کیلئے کچن گارڈننگ کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے جبکہ اس مقصد کیلئے سکول اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کے طلباء اورکاشتکاروں کو سبزیوں کی کاشت اور اہمیت بارے تربیت فراہم کی جارہی ہے اور پروگرام کی کامیابی کیلئے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ انسانی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے 280گرام سبزی فی کس روزانہ استعمال کرنا ضروری ہے جبکہ پاکستان میں مطلوبہ مقدار سے نصف سبزی روزانہ استعمال کی جاتی ہے جس کی وجہ سے صحت عامہ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ گھریلو پیمانے پر جو سبزیاں کاشت کی جاتی ہیں وہ زہروں یا کیمیائی کھادوں کے مضر اثرات سے پاک ہوتی ہیں اور ان کے ذریعے مالی بچت بھی ہوتی ہے کیونکہ بازار سے خریدی گئی سبزیاں مہنگی ہیں اور ان کی خریداری سے گھریلو بجٹ میں اضافہ ہوتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ گھریلو پیمانے پر خالی برتنوں ، ڈبوں، کریٹوں ،پلاسٹک کے تھیلوں اور گملوں میں سبزیاں کاشت کی جاسکتی ہیں اور اگر گھر میں جگہ دستیاب نہ ہو تو چھتوں پر بھی سبزیاں کاشت کی جاسکتی ہیں۔