ماہرین زراعت کی میدانی علاقوں میں آلو کی کاشت شروع کرنے کی ہدایت

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 16:20

فیصل آباد۔3 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء)ماہرین زراعت نے میدانی علاقوں میں فصل خزاں کیلئے آلو کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہاہے کہ کاشتکار 30اکتوبر تک مذکورہ کاشت مکمل کر لیں تاکہ اس کی وقت مقررہ پر برداشت ممکن ہوسکے ۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ آلو پاکستان کی ایک اہم فصل ہے کیونکہ اس سے فی ایکڑ آمدنی اورغذائیت دوسری فصلوں سے زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آلو میں نشاستہ ، وٹامن ، معدنی نمکیات، لحمیات پائے جاتے ہیں اس لئے یہ ایک مکمل غذا بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کی بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اورگندم پردباؤ میں کمی لانے کیلئے آلوکی کاشت ازحد ضروری ہے جسے ساحل سمندر سے لیکرپہاڑو ں کی بلند چوٹیوں تک کاشت کیا جا سکتاہے۔

(جاری ہے)

اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

03 اکتوبر۔2015ء سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ پنجاب میںآ لو کی 3فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں میدانی علاقوں میں اس کی 2فصلیں موسم بہاروموسم خزاں اورپہاڑی علاقوں میں ایک فصل موسم گرما میں کاشت ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ آلوکی سفید اقسام میں ڈایامنٹ ، سانتے، بادشاہ، سلیمی ، میلوڈی ، چپس کیلئے استعمال ہونے والے آلو کی اقسام میں ہرمس ، سٹرنا، لیٹونا، سرخ اقسام میں ایسٹر یکس، کروڈا، برنا،سمپلی ریڈوغیرہ شامل ہیں۔