پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک نے ربیع کی فصلوں کیلئے قرضوں کی فراہمی شروع کر دی

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 16:20

فیصل آباد۔3 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء)حکومتی ہدایات کی روشنی میں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک نے فصلات ربیع کیلئے کاشتکاروں کو قرضوں کی فراہمی شروع کر دی ہے اور فیصل آباد ڈویژن کے چارو ں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمت پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں امداد باہمی کی تنظیموں کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کو قرضوں کی فراہمی کا آغاز کرتے ہوئے انہیں تمام ممکن سہولیات بہم پہنچانے کیلئے بھی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ 31جنوری 2016ء تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے بتایاکہ مذکورہ قرضہ جات 100فیصد نقدی کی صورت میں جاری کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ 2لاکھ روپے سے زائد قرضہ کا اجراء زرعی زمین کی کفالت کی صورت میں بذریعہ آڑ رہن بینک کرو ا کر کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایاکہ تمام فصلی قرضہ جات کی انشورنس بھی لازمی ہو گی۔ انہوں نے امداد باہمی کی تنظیموں اور بینک کے قرض داروں و نادہندگان سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بقایا جات اور اپنے ذمہ واجب الادا فصل خریف سمیت پرانے قرضہ جات بروقت ادا کر دیں تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ نئے قرضے جاری کئے جا سکیں ۔