محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو لہسن کی کاشت شروع کرنے کی ہدایت

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 16:21

فیصل آباد۔3 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو لہسن کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار زمین کی تیاری مکمل کرکے لہسن کی کاشت کاآغاز کر دیں تاکہ بروقت کاشت کی صورت میں اچھی پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ لہسن کی کاشت سے پہلے 20سے 25 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد کھیت میں ڈال کر اسے زمین میں اچھی طرح ملا دینا چاہیے جس کے بعد زمین کی تیاری کیلئے ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل اور دو سے تین مرتبہ کلٹیویٹر چلا کر سہاگہ دے دینا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ لہسن کی کاشت ستمبر کے آخر یا اکتوبر کے آغاز میں شروع کر کے وسط نومبر تک مکمل کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لہسن گلابی اور جی ایس ون لہسن ون کی منظور شدہ اقسام ہے جن کا صحتمند بیج شاندار فصل کا ضامن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بیج کی مقدار ، کھادوں کے استعمال اور دیگر معلومات کیلئے محکمہ زراعت کے عملہ یا ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔