معروف شاعر مظہر ترمذی کے پنجابی شعری مجموعہ ” ادھ“ کی تقریب رونمائی ،صو بائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور مہمان خصوصی تھے

اتوار 4 اکتوبر 2015 17:05

لاہور۔4 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پنجابی زبان کی شاعری ہمارے صوفیا اور بزرگوں کے عالمگیر پیغام پر مشتمل ہے - دیار غیر میں رہ کر پنجابی زبان اور ادب کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔انہوں نے یہ بات نیشنل کالج آف آرٹس میں پنجابی کے معروف شاعر مظہر ترمذی کے شعری مجموعہ ”ادھ“ کی تقریب رونمائی سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

شعری مجموعہ کی اس تقریب رونمائی سے پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری نے بھی خطاب کیا جبکہ دیگر مقررین میں عارف وقار ، حسین نقوی ، سلمان آصف ، ڈاکٹر سعید بھٹہ ، پروفیسر زبیر احمد ، غزالہ طارق اور راجہ صدیق اللہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں علی سیٹھی نے مظہر ترمذی کا کلام بھی پیش کیا - مظہر ترمذی انگلینڈ میں رہائش پذیر ہیں جہاں وہ صحافتی ذمہ داریوں سے بھی وابستہ ہیں - ان کا مشہور و معروف گانا ” عمراں لنگھیاں پباں بھار“ کلاسیک کا درجہ حاصل کر چکا ہے جبکہ مظہر ترمذی کے چار شعری مجموعے بھی شائع ہو چکے ہیں - وہ جدید لہجے کے شاعر ہیں اور پنجابی زبان کو وہ جس مہارت اور خوبصورتی سے اپنے جذبات کے اظہار کے لئے استعمال کرتے ہیں وہ انہیں پنجابی کے بڑے شعراء کی صف میں کھڑا کرتا ہے۔