فقیرا گوٹھ پر دوبارہ قائم ناجائز ہائیڈرنٹ پر واٹربورڈ کے عملے نے ہنگامی آپریشن کرتے ہوئے گرادیا

پیر 5 اکتوبر 2015 23:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 اکتوبر۔2015ء) فقیرا گوٹھ پر دوبارہ قائم ناجائز ہائیڈرنٹ پر واٹربورڈ کے عملے نے ہنگامی آپریشن کرتے ہوئے دوبارہ کھلنے والے ہائیڈرنٹ کو گرادیا ،واٹربورڈ کی 64اور 84 انچ قطر کی مین ٹرنک سے لگائے گئے ناجائز کنکشن کاٹ دیئے گئے ، تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید کو رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمٰن نے اطلاع دی کہ ان کے علاقے فقیر آباد میں غیر قانونی ہائیڈرنٹ دوبارہ کھل گیا ہے جس کے ذریعے پانی چوری کیا جارہاہے ، لہٰذا اس کا خاتمہ کیا جائے ، ایم دی واٹربورڈ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے عملے نے ہنگامی آپریشن کرتے ہوئے فقیر آباد میں قائم ناجائز ہائیڈرنٹ مسمار کردی اور 6انچ قطر کے غیرقانونی کنکشنز کاٹ کر 400فٹ ، 6انچ کا پائپ اور دوسرا سامان قبضہ میں لے لیا ،اسی طرح احسن آباد سے شادباد ہاؤسنگ سوسائٹی کیلئے 4انچ کا لگایا ہوا کنکشن بھی کاٹ دیا گیا جو 84انچ قطر کی مین ٹرنک مین لائن سے سوسائٹی میں پانی چوری کیلئے لگایا گیاتھا یہاں سے 200فٹ پائپ بھی قبضہ میں لے لیا گیا۔