قمبر شہداد کوٹ کے 794 جعلی اساتذہ کی فہرست جاری

بدھ 7 اکتوبر 2015 14:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء)سندھ کے محکمہ تعلیم کے 25 ہزار ملازمین کے جعلی ہونے کی نشاندہی ہوگئی ہے، صوبے کے ایک ضلع قمبر شہداد کوٹ کے 794 جعلی اساتذہ کی فہرست اخبارات میں مشتہر کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ میں محکمہ تعلیم و خواندگی کے تحت ایک لاکھ 55 ہزار ملازمین ریکارڈ پر ہیں، جن میں سے ہزاروں اساتذہ کے گھوسٹ یا جعلی ہونے کی نشاندہی ہونے پر تحقیقات کی گئیں۔

اے جی سندھ آفس اور محکمہ تعلیم کی تحقیقات کے دوران ایک اندازے کے مطابق سندھ بھر کے 25 ہزار اساتذہ کے جعلی یا گھوسٹ نکلے، ذرائع کے مطابق بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے ڈپٹی اکاؤنٹنٹ جنرل ایجوکیشن، سیکورٹی اور امتحانی کمیٹی نے یہ جعلسازی پکڑی۔اس سلسلے میں محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے ضلع قمبر شہداد کوٹ کے 794 جعلی اساتذہ کی فہرست کا اشتہار اخبارات میں جاری کردیا گیا ہے،جن کے تقرر کا اصل ریکارڈ ،سروس بک اور اسناد دستیاب نہ ہوسکیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں محکمہ تعلیم اور خواندگی سندھ نے جعلی اساتذہ کے نام، ولدیت، ان کے عہدے اور ملازمت کے کوڈ کے ساتھ اخبار کے 3 صفحات پر مشتمل اشتہار شائع کرا دیا ہے، جس میں ان اساتذہ کو ذاتی طور پر پیش ہوکر اصلی دستاویزات جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اشہار کی اشاعت گھوسٹ اساتذہ کی ملازمت کے خاتمے کے لئے قانونی تقاضے کے طور پر شائع کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دیگر اضلاع بھی ایسے اشتہارات کے اجراء کی تیاری رہے ۔