Live Updates

پی ٹی آئی کا ریلیز عمران خان ٹرین مارچ کراچی سے سکھر روانہ

عمران خان کی رہائی کے لیے ہم پر امن جدو جہد جاری رکھیں گے، پوری قوم آج بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے،شعیب شاہین

اتوار 28 اپریل 2024 15:50

پی ٹی آئی کا ریلیز عمران خان ٹرین مارچ کراچی سے سکھر روانہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کا ریلیز عمران خان ٹرین مارچ کراچی سے سکھر روانہ ہوگیا۔ٹرین مارچ کے کوٹری ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر کارکنان نے پھول نچھاور کیے۔بعد ازاں رہنما پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ کی قیادت میں ٹرین مارچ کوٹری سے حیدرآباد کے لیے روانہ ہوگیا، ٹرین مارچ سندھ کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا سکھر پہنچ کر پر اختتام پزیر ہوگا۔

پی ٹی آئی ٹرین مارچ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے نکالا جارہا ہے۔مارچ شروع ہونے سے قبل رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم تنظیم سازی کے سلسلے میں پورے سندھ کا دورہ کر رہے ہیں اورٹرین مارچ سکھر پر اختتام پذیر ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی رہائی کے لیے ہم پر امن جدو جہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں کراچی سے روانہ ہونے والا پی ٹی آئی ٹرین مارچ حیدرآباد اسٹیشن پہنچ گیا، ریلوے اسٹیشن پر کارکنان نے بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے اور پھول نچھاور کیا۔

رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین نے کہا کہ پوری قوم آج بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کوآزاد کرانے تک چین سے نہیں بیٹھنا ہے۔قبل ازیں پی ٹی آئی رہنمائوں کے کینٹ اسٹیشن آنے پر ریلوے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور میڈیا کو کینٹ اسٹیشن میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات