ٹرانسپورٹرز مسافروں کو سوار کراتے وقت سامان کی اچھی طرح چیکنگ کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ میٹل ڈیٹکٹر سے چیک کریں ،امتیازشاہ

چھتوں پر مسافروں کو نہ بٹھائیں پولیس ٹرانسپورٹرز کیساتھ مکمل تعاون کریں گی،ڈپٹی انسپکٹرجنرل کوئٹہ کی ٹرانسپورٹرزکے وفدسے گفتگو

منگل 20 اکتوبر 2015 23:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اکتوبر۔2015ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل کوئٹہ پولیس سید امتیاز شاہ نے کہاہے کہ ٹرانسپورٹرز قانون کی پاسداری کرتے ہوئے لوکل بسوں میں مسافروں کو سوار کراتے وقت سامان کی اچھی طرح چیکنگ کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ میٹل ڈیٹکٹر سے چیک کریں اور چھتوں پر مسافروں کو نہ بٹھائیں پولیس ٹرانسپورٹرز کیساتھ مکمل تعاون کریں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ لوکل بس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ حاجی اختر جان کاکڑ کی قیادت میں ملنے والے ٹرانسپورٹروں کے وفد جس میں شفیع محمد لہڑی شیر احمد بلوچ ،ملک ضمیر شاہ محمد اچکزئی،ملک سرور شاہوانی،حاجی محمد اسحاق بازئی ،عبدالغنی اور کچلاک روٹ کے ٹرانسپورٹروں کے نمائندے شامل تھے اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن کمبردشتی ،ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ حامد شکیل صابر ،ایس پی سٹی نذیر احمد،ایس پی سریاب سرکل سردار حسن موسیٰ خیل سمیت دیگر بھی موجودہ تھے اس موقع پر ٹرانسپورٹروں نے درپیش مسائل مشکلات سے پولیس اور دیگر انتظامی افسران کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لوکل ٹرانسپورٹرمسافروں کی سہولت کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں گے اور چھتوں پر مسافروں کو سوار نہیں کریں گے مسافروں کے سامان کی چیکنگ کے علاوہ گاڑیوں کے اردگرد اور گاڑیوں پر رکھے جانے والے سامان پر بھی نظر رکھیں گے اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہاکہ پولیس ٹرانسپورٹروں کو تمام سہولیات فراہم کرے گی اس کیلئے ٹرانسپورٹر بھی اپنی ذمہ داری پوری کریں پولیس ٹرانسپورٹروں کے علاوہ عام شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے تعاون سے دہشتگردی کے خاتمے کو یقینی بناکر امن کے قیام کیلئے دن رات کوشاں ہے ہماری عوام سے یہی التجا ہے کہ وہ اپنے اردگر د نظررکھیں کسی بھی مشکوک چیز اور مشکوک شخص کے بارے میں فوری طور پر پولیس کنٹرول کو اطلاع دیں تاکہ دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔

(جاری ہے)

مذکورہ ملاقات کا مقصد گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کے بعد لوکل بسوں کی سیکورٹی کو مربوط بنانا تھا اجلاس میں گزشتہ روز لوکل بس بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی ۔