ایشیاء کپ جونیئر ہاکی،پی ایچ ایف نے تربیتی کیمپ کیلئے 36 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا

چھ گول کیپرز، چار فل بیکس، نو ہاف بیک اور سترہ فارورڈ کھلاڑی شامل ہیں

جمعہ 23 اکتوبر 2015 18:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اکتوبر۔2015ء) آٹھویں جونیئر ہاکی ایشیا ء کپ کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 36ممکنہ کھلاڑیوں کوتربیتی کیمپ میں مدعو کر لیا۔ پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ 25اکتوبر سے جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں لگایا جائے گا۔ جونیئر ایشیا ء کپ چودہ سے بائیس نومبر تک ملائیشیا کے شہر کوانٹن میں کھیلا جائے گا جو کہ ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہو گا۔

میگا ایونٹ میں کوالیفائی کرنے کیلئے پاکستان کو ایشیا ء کپ میں ٹاپ چار ٹیموں میں جگہ بنانی ہو گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تربیتی کیمپ میں جن 36ممکنہ کھلاڑیوں کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ان میں چھ گول کیپرز، چار فل بیکس، نو ہاف بیک اور سترہ فارورڈ کھلاڑی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ممکنہ کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اتوار کی صبح گیارہ بجے تک گراؤنڈپر چیف کوچ اور کیمپ کمانڈنٹ طاہر زمان کورپورٹ کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والے سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ میں پاکستان نے آخری پوزیشن حاصل کی تھی جس کے بعد چیف کوچ نے ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں اور جونیئر ٹیم کی بعض شعبوں میں غلطیوں پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی یقین دہانی کرائی تھی۔ طلب کردہ کھلاڑیوں میں گول کیپرز یاسر خان، طلال خالد، علی حیدر، علی رضا، حافظ علی عمیر اور منیب الرحمن، فل بیکس مبشر علی، شاہ فیصل شاہ، حسن محمد انور اور محمد عاطف مشتاق، ہاف بیکس سکندر مصطفی، فیضان، محمد قاسم، زاہد، محمد جنید، کمال، ابو بکر، غضنفر علی، عماد شکیل بٹ اور محمد عدنان جبکہ فارورڈ کھلاڑی محمد عتیق، شان ارشاد، محمد دلبر ، محمد عدنان انور، محمد نوید، رانا سہیل ریاض، محمد رضوان، محمد بلال قادر، محسن صابر، سہیل انجم، وسیم اکرم، عمیر حامدی، نوہیز زاہد ملک، محمد بلال محمود، اویس الرحمن، محمد اظفر یعقوب اور فہد ا شامل ہیں۔

ٹیم آفیشلز میں منیجر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد مختار فارانی، نائب کوچز ذیشان اشرف، محمد عرفان، ویڈیو اینالسٹ زاہد علی اور ٹیم ڈاکٹر محمد عدنان مقرر کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :