کاؤنٹی کرکٹ، شان مسعود کا جوئے کی تشہیر سے گریز

یارکشائرنے کپتان کی شرٹ کے کالر پر ’’ڈافا بیٹ‘‘ کا لوگو نہیں لگایا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 30 اپریل 2024 10:46

کاؤنٹی کرکٹ، شان مسعود کا جوئے کی تشہیر سے گریز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 اپریل 2024ء ) ٹیسٹ کپتان شان مسعود انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں جوئے کی تشہیر سے دور ہیں، ان کی شرٹ کے کالر پر بیٹنگ کمپنی کا لوگو نہیں لگایا گیا ، دیگر کائونٹی ٹیموں میں شامل پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی اس حوالے سے رعایت دی گئی ہے۔ ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق پاکستانی ٹیسٹ کپتان شان مسعود ان دنوں کائونٹی کرکٹ میں یارکشائر کی قیادت کر رہے ہیں، ہفتے کے روز ان کی کاؤنٹی کا ’’ڈافا بیٹ‘‘ سے بطور آفیشل پارٹنر 2 سالہ معاہدہ ہوا، اس معاہدے کے تحت تینوں فارمیٹس کی کرکٹ میں کھلاڑیوں کی شرٹس کے کالر پر مذکورہ کمپنی کا لوگو موجود ہوگا، انگلینڈ اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں جوا قانونی طور پر ہوتا ہے اور سٹیڈیمز کے باہر بھی شرطیں وصول کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

’’ڈافا بیٹ‘‘ نے سروگیٹ ایڈورٹائزنگ کا سہارا لیتے ہوئے ’’ڈافا نیوز‘‘ کے نام سے پاکستان کرکٹ کو بھی کئی بار سپانسرکیا تھا مگر حکومت کی سختی کے بعد اب ملکی کرکٹ میں سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ بند ہو چکی ہے، پی ایس ایل 8 کے دوران محمد رضوان نے بھی اس حوالے سے آواز اٹھاتے ہوئے متنازع لوگو کو سٹیکر سے چھپا دیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ شان مسعود بیٹنگ کمپنی کی تشہیر نہیں کریں گے، انھوں نے کاؤنٹی حکام پر پہلے ہی اس حوالے سے اپنا موقف واضح کر دیا تھا، یارکشائر نے بھی ان کی خواہش کا احترام کیا ہے، شان مسعود اپنے اچھے رویے کی وجہ سے ساتھی کھلاڑیوں میں خاصے مقبول ہیں، دیگر ٹیموں میں شامل پاکستانی کرکٹرز بھی جوئے، سروگیٹ ایڈورٹائزنگ، شراب، پورک یا ایڈلٹ انٹرٹینمنٹ ایڈورٹائزنگ سے دور ہی رہے ہیں۔

انگلش کرکٹ بورڈ اور کاؤنٹیز غیرملکی کھلاڑیوں کے مذہبی جذبات کا پورا خیال رکھتی ہیں، متنازع چیزوں کی تشہیر سے انکار کے باوجود معاوضے میں کوئی کٹوتی بھی نہیں ہوتی۔ ماضی میں دیگر ممالک کے کئی کھلاڑی بھی شراب اور جوئے کی کمپنیز کی تشہیر سے انکار کر چکے، ان میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا سرفہرست تھے۔