قصور میں حضرت امام حسین کے یوم شہادت پر 29 مقامات پر ذوالجناح‘ علم‘ تعزیہ اور جھولے کے جلوس نکالے گئے

اتوار 25 اکتوبر 2015 17:34

قصور۔(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔25 اکتوبر۔2015ء)حضرت امام حسین کے یوم شہادت پر ضلع قصورکے 29 مقامات پر ذوالجناح‘ علم‘ تعزیہ اور جھولے کے جلوس نکالے گئے۔ قصور سے مرکزی ذوالجناح کا جلوس لائسنس ہولڈر سید علی اقدس شمسی کی قیادت میں امام بارگاہ سادات سے نکالا گیاجوکہ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ رکندین خاں قصورمیں اختتام ہوا۔

اسی طرح کھڈیاں ‘چونیاں‘پتوکی‘ مصطفی آباد‘ پھولنگر ودیگر مقامات سے بھی ذوالجناح ‘علم اور تعزیہ کے جلوس نکالے گئے جوکہ مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے وقت مقررہ پراختتام پذیرہوئے۔ سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے‘خاردارتاریں ‘بیریئراور قناتیں لگاکر جلوس کے جانے والے راستوں کو سیل کیاگیاجبکہ پولیس ڈرون کے ذریعے جلوس کی نگرانی کرتے رہے‘بڑی سخت چیکنگ کے بعد عزاداروں کو جلوس میں شرکت کی اجازت دی گئی جگہ جگہ عزاداروں و دیگر افراد کی تلاشی لی جاتی رہی‘ جلوس کے تمام روٹ کو سیکیورٹی اداروں نے سرچ کیاگیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او قصور سید علی ناصررضوی ‘ڈی ایس پی ٹریفک محمداکرم خاں‘ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جلوس کے ساتھ رہے جبکہ ممبر قومی اسمبلی میاں وسیم اخترشیخ‘مسلم لیگ (ن) سٹی قصورکے صدرحاجی ایازاحمدخاں و دیگر مسلم لیگی عہدیداران جلوس کو ہمراہ رہے۔ اسی طرح پورے ضلع قصورمیں یوم عاشورہ انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا ‘ پولیس قومی رضاکاروں ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122‘ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال قصورکی ایمبولینس‘ ڈاکٹرز‘پیرامیڈیکل سٹاف بھی موجودتھا۔

زنجیرزنی کے دوران درجنوں زخمی ہونیوالے عزاداروں کو مرہم پٹی کی گئی۔ ضلع بھرمیں علماء اکرام‘ ذاکرین‘ امن کمیٹی کے ارکان ‘صحافیوں نے مذہبی یگانگت‘رواداری کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے یوم عاشورہ کو پرامن بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔