پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار

جمعہ 30 اکتوبر 2015 16:39

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اکتوبر۔2015ء) بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر شریف نے یکم نومبر 2015 سے اوگرہ کی تجویز پر حکومت کی جانب سے ممکن طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

صدر چیمبر نے کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں انٹرنیشنل مارکیٹ کے مقابلے میں پہلے ہی زیادہ ہیں اور پہلے بھی حکومت عوام سے پٹرولیم مصنوعات پر بہت سے ٹیکسز وصول کر رہی ہے اور اگر ان میں مزید اضافہ کیا گیا تو ملکی مصنوعات کی لاگت میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہو جائے گااور اس سے پورا ملک معاشی بدحالی کا شکار ہو جائے گاجس سے معیشت اورایکسپورٹ آرڈر پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

صدر چیمبر نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی ہو گئی ہے جبکہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے الٹا ان کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا سوچ رہی ہے۔ صدر چیمبر نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں کو بر قرار رکھا جائے تاکہ مہنگائی کنٹرول میں رہے اور ایسی معیشت وعوام دوست پالیسیاں بنائی جائیں جس سے ملک کے ساتھ ساتھ عوا م کامعیار زندگی بھی بہتر ہو۔