ہر قسم کی ہڑتال کی کال مسترد کی جائے ،بریگیڈئیر افتخار شہزاد بھٹی

کوئی فون یا دھمکی ملی ہو تووہ فوری سیکورٹی فورس انچارج اور ڈی آئی جی پولیس سے رابطہ کرکے شکایت درج کروائیں ،انچارج سیکورٹی فورس

بدھ 9 دسمبر 2015 23:11

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 دسمبر۔2015ء) پاک آرمی کے بریگیڈیئر اور سیکورٹی فورس کے انچارج افتخار شہزاد بھٹی نے کہا ہے کہ ہر قسم کی ہڑتال کی کال مسترد کی جائے اگر اس سلسلے میں کوئی دھمکی آمیز فون یا براہ راست دھمکی ملی ہو تووہ فوری طور پر سیکورٹی فورس انچارج اور ڈی آئی جی پولیس سے رابطہ کرکے شکایت درج کروائیں تاکہ ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز انجمن تاجران، سرکاری ونجی بینک آفیسران سمیت نادرا اور ضلعی وصوبائی آفیسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی مکران ریجن جعفرخان اور ضلع کونسل کے چیئرمین بابو گلاب بھی موجود تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ انجمن تاجران اور نجی بینکس ہڑتالوں میں اپنی دکانیں اور دفاتر ہر حال میں کھلے رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پاک آرمی انہیں ہرممکن تحفظ فراہم کرے گی بصورت دیگرقانون کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور بینکس ہمیشہ کے لئے سیل کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک آرمی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کے لئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہڑتالوں کے حوالے سے کسی بھی دھمکی آمیز فون اور براہ راست دھمکی سے پریشان ہونے کی بجائے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ امن وامان کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے پاک آرمی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں گوادر کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر سیکورٹی الرٹ کردی گئی ہے۔ اب کوئی بھی دہشت گرد گوادر میں داخل نہیں ہوسکتا۔ پاک آرمی گوادر میں امن وامان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ لوگوں کی جان ومال کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ کے لئے ضلع گوادر میں کسی قسم کی ہڑتال نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے ہرقسم کی ہڑتال کی کال کو نظرانداز کرکے اپنا کاروبار کھلا رکھیں