حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں،بد امنی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت وقت کو بنیادی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،مردان میں بم دھماکہ کی پوری قوم کی جانب سے مذمت کرتے ہیں، دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ہرقسم کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی مردان بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 30 دسمبر 2015 22:46

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 دسمبر۔2015ء)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مردان بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں ۔مردان میں بم دھماکہ کی پوری قوم کی جانب سے مذمت کرتے ہیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ہرقسم کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔

وہ بدھ کو مردان میڈیکل کمپلیکس میں بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان بھی انکے ہمراہ تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں بم دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی عیادت کی اور انکی صحت یابی کیلئے دعا کی ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام کے جان مال کی حفاظت حکومت وقت کی آئینی و بنیادی ذمہ داری ہے اور ہم حکومت سے مطالبہ کرینگے کہ وہ عوام کے جان مال کی حفاظت یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی عیادت کے موقع پر معلوم ہوا کہ دھماکے میں ایک بچی بھی زخمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دھماکے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے انہوں نے کہاکہ بد امنی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت وقت کو بنیادی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ بد امنی اور دھماکوں میں پہلے کی نسبت بہت کمی آئی ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرنا چاہئے اور بد امنی کے خاتمے کیلئے مرکزی اور صوبائی حکومتوں کو دیرپا اور مضبوط پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔