حکومت ڈیری سیکٹر کیلئے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کرے ،خالد محمود

جمعرات 7 جنوری 2016 13:39

اسلام آباد ۔ 07 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جنوری۔2016ء)سوسائٹی واچ کے صدر خالد محمودنے کہا ہے کہ حکومت دیگر شعبوں کی طرح ڈیری سیکٹر کیلئے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کرے ،اس صنعت پر عائد کئے گئے ٹیکسوں سے کاروبار کے اخراجات میں کم از کم سات فیصد اضافہ ہو گا۔دوسری طرف خشک دودھ کی درآمد پر امپورٹ ڈیوٹی کم کر دی گئی ہے جس سے سیکٹر کی مشکلات میں اضافہ کا خدشہ ہے۔

گزشتہ پانچ سال میں اس شعبہ میں 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ٹیکسوں کی وجہ سے دودھ کی قیمت میں اضافہ اورمانگ بیس فیصد کم ہوگی جس سے محاصل ، اس شعبہ سے وابستہ چھ لاکھ افراد کے روزگاراور فوڈ سیکورٹی کی صورتحال پر اثر پڑے گا۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں دودھ کی پیداوار55 ملین ٹن ہے جس میں سالانہ 4 فیصد اور طلب میں 15 فیصد تک اضافہ ہو رہا ہے جسے پورا کرنے کیلئے مراعات کی ضرورت ہے۔دودھ کی عالمی طلب میں نو سال میں 36 فیصد اضافہ ہو گا جو پاکستان کیلئے ایک سنہری موقع ہے۔ انھوں نے کہا کہ مراعات کے ذریعے شعبہ کیلئے ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔