پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 فروری 2016 19:18

لاہور( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی پی اے۔13فروری۔2016ء) پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم وتحقیق شعبہ ایلیمنٹری ایجوکیشن اور ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کے زیر اہتمام ”میرااُستاد“ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد ذکریا ،چےئرمین شعبہ ابتدائی تعلیم پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر ، ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری ، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ڈاکٹر خواجہ محمد ذکریا نے اپنے زمانہ طالبعلمی کے اساتذہ کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی تمام کامیابیوں کا سہرا ان کے اساتذہ کی محنت اور شفقت کا ثمر ہے اور ان کے دل میں اپنے اساتذہ کابے حد احترام ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو سے طلباء و طالبات کو بہت متاثر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا طالب علم سے پیار سے پیش آنا چاہیے اور ٹیچر کو غصہ نہیں کرنا چاہیے اور جو ٹیچر غصہ کرتا ہے وہ ٹیچر نہیں ہے ۔

جو استاد بچوں کو مارتا ہے یا سختی کرتا ہے میری نظر میں وہ کامیاب اُستاد نہیں ہے ۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر نے کہا کہ اساتذہ کی روشن مثالیں ، مستقبل کے اساتذہ کو اپنی تدریسی صلاحیتیں بہتر بنانے میں مدد دیں گی اور ایسے پروگرام طلبہ میں پیشہ تدریس سے دلچسپی کا سبب بنتے ہیں۔ انچارج پروگرام ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ایسے تجربات سے طلباء کوآگاہ کیا جو کہ عملی زندگی میں اُن کے لیے مشعل راہ ثابت ہو سکتے ہیں۔