زندگی خدمت سے عبارت ہے ‘اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانیں بچانے والے والنٹیئرز کا جذبہ اور خدمات قابل تحسین ہے ‘گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 3 مارچ 2016 22:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مارچ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ زندگی خدمت سے عبارت ہے اور اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانیں بچانے والے والنٹیئرز کا جذبہ اور خدمات قابل تحسین ہے انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کو اپنا شعار بنانے والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور نیکی اور رفاع عامہ کے اس جذبے کو ہر سطح پر عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انسانیت کی خدمت کا مشن ولولہ انگیز جذبوں کے ساتھ جاری و ساری رہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان ریڈ کریسنٹ نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلا م آباد میں ورلڈ والنٹیئرز ویک کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ تقریب میں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے ہیڈ آف ڈیلیگیشن ریتو سٹوکر, انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے ہیڈ آف ڈیلیگیٹ , پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الہی , جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رضوان نصیر, وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی شاہد صدیقی , بلال ایڈوکیٹ , متعدد عالمی اداروں کے نمائندوں اور والنٹیئرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی ․ گورنر پنجاب نے کہا کہ خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والوں اور رضاکارانہ طور پر دوسروں کی مدد کرنے والے افراد کی وجہ سے یہ معاشرہ قائم ہے اور ہمیں دوسروں کا دکھ درد بانٹنے والے باہمت نوجوانو ں کی قدر کرنا چاہیے جو ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں ․ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر کی بنی نوع انسان کی خدمت کے لیئے عالمگیر سطح پر خدمات قابل ستائش ہیں او رپاکستان میں اس ادارے نے قابل فخر کردار ادا کیا ہے ․ گورنر پنجاب نے کہا کہ مصیبت زدگان , مصائب و آلام سے دوچار دکھی انسانیت کی خدمت کے لیئے ہلال احمر کا ادارہ ہمیشہ قومی اور عالمی سطح پر فلاحی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا رہا ہے اور اس ادارے ے نیشنل ہیلتھ اینڈ سیفٹی تحریک بھی قابل تعریف ہے ․جس کے ذریعے بنیادی سطح پر ریسکیو کے ساتھ ساتھ تعلیم , صحت اور بنیادی سہولیات عام ہوں گی ․ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اور بالخصوص پاکستان کو آج جو چیلنجز درپیش ہیں اُن کا تقاضا ہے کہ رضاکارانہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے،وطنِ عزیز میں دہشتگردانہ سرگرمیوں کے تدارک کیلئے بھی ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان اِس وقت تاریخ کے نازک دور سے گزررہا ہے، ہمارے رضاکار موجودہ مشکل حالات میں اپنی کمٹمنٹ ، یکجہتی اور ویژن کے ذریعے سانحات سے متاثرہ لوگوں کی دلجوئی کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے والنٹیئرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ کے رضاکار یہ نہ محسوس کریں کہ اُن کی رضاکارانہ خدمات کو نظرانداز کیا جارہا ہے، جن متاثرین کی آپ لوگ بے لوث خدمت کرتے ہو اُن کی دعائیں ہمہ وقت آپ کے ساتھ ہوتی ہیں․انہوں نے کہا کہ آپ پوری قوم کے فخر ہو اور آپ سے پوری قوم کی اُمیدیں بھی وابستہ ہیں۔خدمت خلق میں ہی معراجِ انسانیت ہے ،دکھی ،لاچار اور بے بس لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا بھی عبادت سے کم نہیں۔

پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا ہے کہ انسانی خدمات کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے گا،سکول ، کالجز اور یونیورسٹی کے سلیبس میں سماجی خدمات کا ذکر ہوناچاہیے تاکہ رضاکارانہ سرگرمیوں کو آگاہی کے ساتھ ساتھ فروغ مل سکے۔تعلیمی اداروں میں معاشرے کی بہتری کیلئے طلبہ و طالبات کی رضاکارانہ سرگرمیوں کی جانب ذہن سازی وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان دیگر وسائل کی طرح یوتھ کی دولت سے بھی مالا مال ہے اِس دولت کو باقاعدہ تربیت یافتہ بنا کر کسی بھی ایمرجنسی ، قدرتی آفت اور سانحہ میں خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں، ریڈ کریسنٹ کے تربیت یافتہ ضلعی افسران پاکستان ریڈ کریسنٹ کی شناخت بنیں گے۔

اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان ریڈ کریسنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) نے کہا کہ رضا کار کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اِن کی قربانی تاریخ رقم کرتی ہے، ہم اپنے رضاکاروں کو اونر شپ، سماجی شعور،کونسلنگ اور جذبہ انسانیت کے سبق سے مالا مال کریں گے،انہیں بہتر اور خوشحال مستقبل کیلئے ’’تبدیلی‘‘ کے مواقع میسر آئیں گے۔

خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے، مہذب قوم کی تشکیل کیلئے رضاکارانہ جذبہ بنیادی حیثیت رکھتا ہے، ہم صحت مند و محفوظ پاکستان کیلئے مشترکہ جدوجہد کریں گے، اِسی تناظر میں پاکستان ریڈ کریسنٹ نے ملک کے تمام اضلاع نے سکول سیفٹی پروگرام شروع کیا ہے،خاندانی روابط کی بحالی کیلئے لاسٹ ہیلپ لائن اور کسی بھی قدرتی آفت سے بروقت نبردآزما ہونے کیلئے ہر یونین کونسل میں ریڈ کریسنٹ کی ایمرجنسی ٹیم کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی ،اِس موقع پر بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے تلاوت کی اور خدمت خلق کے حوالے سے مختصر خطاب کیا۔ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس ہیڈآف ڈیلیگیشن ریٹوسٹاکر نے بھی پاکستان میں آئی سی آر سی کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔