ہما چل پردیش حکومت کا پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سیکورٹی فراہم کرنے سے انکار

ریاستی حکومت دھرم شالامیں 19مارچ کو ہونے والے پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کیلئے سیکورٹی فراہم نہیں کرسکتی،وزیراعلیٰ ویربہادرا سنگھ کاپاکستانی سیکورٹی ٹیم کودوٹوک جواب، بھارتی میڈیا کادعویٰ

پیر 7 مارچ 2016 20:56

ہما چل پردیش حکومت کا پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سیکورٹی فراہم کرنے سے انکار

نئی دہلی/شملہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء ) بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے وزیراعلی ویربہادرا سنگھ نے 19مارچ کو دھرم شالا میں پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کیلئے سیکورٹی فراہم کرنے سے انکار کردیا۔پیر کو بھارتی اخبار ’’انڈیا ٹوڈے ‘‘کے مطابق ریاست ہماچل پردیش کے وزیراعلی ویربہادرا سنگھ سے پاکستان سے آنے والی سیکورٹی ٹیم نے ملاقات کی جس میں 19مارچ کو دھرم شالا میں کھیلے جانے والے پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کیلئے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔

وزیراعلی ویربہادرا سنگھ نے پاکستان کی سیکورٹی ٹیم کوبتایا کہ ریاستی حکومت دھرم شالامیں 19مارچ کو کھیلے جانے والے پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کیلئے سیکورٹی فراہم نہیں کرسکتی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر قومی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے پاکستانی وفد واہگہ کے راستے بھارت پہنچا تھا ۔پاکستان نے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شمولیت کو سیکیورٹی سے مشروط کیا تھا۔

سیکورٹی ٹیم میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی چیف افسر کرنل (ر) اعظم خان اور ایف آئی اے لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹرعثمان انور شامل ہیں ۔پاکستانی سیکورٹی ٹیم ہماچل پردیش کے وزیراعلی اور پولیس چیف سے ملاقاتیں کرکے بھارت میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کرے گا جس کی روشنی میں قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہما چل پردیش کے شہر دھرم شالا میں 19 مارچ کو پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا تاہم ریاستی حکومت نے پاکستانی ٹیم کوسیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے میچ کسی اورمقام پر منتقل کرنے کا کہا ہے جب کہ کانگریس کے ساتھ عام آدمی پارٹی نے بھی پاک بھارت میچ کی مخالفت کرتے ہوئے مظاہروں کا اعلان کررکھا ہے۔ دوسری جانب ہندوانتہا پسندوں نے دھرم شالا میں پاک بھارت میچ کی صورت میں پچ کھودنے کی بھی دھمکی دی ہے۔

متعلقہ عنوان :